جوگیشوری کی ۱۶؍سالہ ذہین طالبہ فاریہ مصطفیٰ سید گزشتہ ۶؍ سال سے عضلاتی تکلیف کا شکار ہے جس سے اس کی پڑھائی گھر پر ہوئی ہے۔
EPAPER
Updated: May 10, 2026, 10:15 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
جوگیشوری کی ۱۶؍سالہ ذہین طالبہ فاریہ مصطفیٰ سید گزشتہ ۶؍ سال سے عضلاتی تکلیف کا شکار ہے جس سے اس کی پڑھائی گھر پر ہوئی ہے۔
ممبئی (سعادت خان ) : جوگیشوری کی ۱۶؍سالہ ذہین طالبہ فاریہ مصطفیٰ سید گزشتہ ۶؍ سال سے عضلاتی تکلیف کا شکار ہے جس سے اس کی پڑھائی گھر پر ہوئی ہے۔ ایسی صورت میں بھی اس باہمت ، حوصلہ منداور دلچسپی سے پڑھائی کرنے والی طالبہ نے ایس ایس سی امتحان میں ۹۳؍ فیصد مارکس سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ وہ اسی عزم اور مستقل مزاجی سے آگے کی پڑھائی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اقصیٰ مسجد روڈ ( جوگیشوری ،مغرب) کی فاریہ سید پیدائشی طورپر صحت مند تھی ۔عام بچوں کی طرح پڑھائی کے ساتھ کھیلنا کودنا اور سائیکلنک وغیرہ کرتی تھی ۔ ۹؍سال کی عمر تک معمول کے مطابق اسکول جاتی تھی ۔ اس نے چوتھی جماعت باقاعدہ اسکول سے پاس کیا، اس کے بعد اچانک طبیعت اور صحت میں گراوٹ آنے لگی ۔ طبی جانچ کے دوران بھی اس نے اسکول جانے کا سلسلہ جاری رکھا تھا لیکن دن بہ دن گرتی صحت کی وجہ سے اسکول جانے میں تکلیف ہونے پراسکول انتظامیہ اور والدین کے مشترکہ فیصلے سے اسے گھرپر پڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صرف امتحان دینے کیلئے وہ اسکول جاتی تھی ۔ اس نے خود پڑھائی کر کے بھی اچھی تعلیمی کارکردگی پیش کی ہے ۔ پڑھائی کے معاملےمیں وہ شروع سے ذہین رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’نفرت کو معمول اور شناختوں کو ہتھیار بنا دیا گیا ہے‘‘
دی اسکالرز انگلش ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج سے پڑھائی کرنے والی فاریہ سید کا سینٹر جوگیشوری کے فاروق ہائی اسکول میں لگا تھا ۔ ایس ایس سی کا امتحان اس نے سینٹر پر جاکر دیا اور ۹۳؍ فیصد مارکس حاصل کئے۔ اس کی کامیابی میں جہاں والدین کا اہم رول ہے وہیں اسکول انتظامیہ نے بھی بھر پور تعاون پیش کیاہے ۔
فاریہ کو پڑھائی کے ساتھ پینٹنگ ، اسکیچنگ، مطالعہ اور بچوں کو پڑھانے کا شوق ہے۔