اب بقایہ داروں کی املاک ضبط کرنے کی تیاری،۷؍ سے۳۱؍دسمبر تک سود میں۱۰۰؍ فیصد رعایت کا اعلان، میئر کے تیور سخت،ٹیکس وصولی کو ضروری بتایا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 11:43 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
اب بقایہ داروں کی املاک ضبط کرنے کی تیاری،۷؍ سے۳۱؍دسمبر تک سود میں۱۰۰؍ فیصد رعایت کا اعلان، میئر کے تیور سخت،ٹیکس وصولی کو ضروری بتایا۔
پراپرٹی ٹیکس وصولی کے لئے نجی ٹھیکیدار مقرر کرنے کی تجویز پر شہریوں کی شدید برہمی اور عوامی مخالفت نے بالآخر میونسپل انتظامیہ کو اپنے قدم پیچھے کھینچنے پر مجبور کردیا۔ عوامی غصے کے سامنے انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پڑے اور میئر نارائن چودھری نے نجی ٹھیکیدار کے ذریعے ٹیکس وصولی کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کردیا لیکن اس پسپائی کے فوراً بعد میئر کے تیور بقایہ داروں کے خلاف سخت ہوگئے۔ انہوں نے صاف انتباہ دیا کہ اب پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی اور ابھیہ یوجنا کی مہلت ختم ہوتے ہی بقایہ داروں کی املاک ضبط کرنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ میئر نارائن چودھری نے اپنے دفتر میں انقلاب کے ساتھ دیگر چند منتخب اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تجارتی املاک سے پراپرٹی ٹیکس وصولی کے لئے نجی ٹھیکیدار مقرر کرنے کی انتظامیہ کی تجویز کی تمام عوامی نمائندوں نے مخالفت کی ہے۔ عوامی جذبات اور مخالفت کو دیکھتے ہوئے اس تجویز کو واپس لیا جارہا ہے ۔
دوسری جانب میئر نے۷؍ سے ۳۱؍ دسمبر تک خصوصی ابھیہ یوجنا نافذ کرنے کا اعلان کیا جس کے تحت بقایہ پراپرٹی ٹیکس پر عائد سود میں۱۰۰؍ فیصد رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے اسے بقایہ داروں کیلئے آخری موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد املاک ضبط کرنے کی کارروائی شروع ہوگی اور اس مرتبہ کسی عوامی نمائندے کو بھی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میئر کے مطابق بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے تقریباً۱۱؍سو کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات ہیں جبکہ ہر سال تقریباً۱۰۰؍ کروڑ روپے ہی وصول ہوپاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی کم وصولی کے باعث شہر کی ترقیاتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں اور کارپوریٹرس اپنے علاقوں میں معمولی کام، حتیٰ کہ گٹر کی تعمیر تک نہیں کروا پارہے ہیں۔ میئر نے شہریوں کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ لوگ ٹورینٹ پاور کا بجلی بل وقت پر ادا کرتے ہیں کیونکہ دو ماہ بل ادا نہ کرنے پر بجلی منقطع ہونے کا خوف رہتا ہے تو پھر میونسپل پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کے معاملے میں یہی احساس ذمہ داری کیوں نہیں دکھائی دیتا؟ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی ترقی کے لئے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی ضروری ہے اور ابھیہ یوجنا کے بعد بقایہ داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔