• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

منشیات کے خلاف ’نشہ مکت مہاراشٹر، لکشیہ ویدھ‘ مہم کا آغاز

Updated: November 29, 2026, 11:50 AM IST | Iqbal Ansari | Malabar Hill

ریاست سے ڈرگ نیٹ ورک کا مکمل صفایا اور نوجوانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس۔

Devendra Fadnavis (right) with Additional Chief Secretary (Home) Manisha Mhaiskar at a review meeting. Photo: INN
دیویندر فرنویس(دائیں)جائزہ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری(داخلہ) منیشا مہیسکرکے ساتھ ۔ تصویر: آئی این این

نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے بچانے اور ریاست کو نشہ مکت بنانے کے عزم کے ساتھ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے سنیچر کواپنی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ پر ’نشہ مکت مہاراشٹر ۔لکشیہ ویدھ۱ء۰‘ مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ ضلعی سطح کی نارکو کوآرڈینیشن کمیٹی( این سی او آر ڈی )کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ منشیات کے پورے نیٹ ورک (ایکو سسٹم) کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بچوں اور نوجوانوں کا تحفظ 

وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرانی فیکٹریوں اور گھروں میں غیر قانونی طور پر منشیات تیار کی جا رہی ہیں اور پیسوں کا لالچ دے کر ۱۴؍ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے نوجوانوں کو اس کے استعمال اور ترسیل (سپلائی چین) میں دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو محض امن و امان نہیں بلکہ قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے دیکھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: دھمکی آمیز ای میل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع، یوپی اے ٹی ایس کےذریعے گرفتارشدہ ملزم کے رول کی جانچ

 ۲۰؍ محکموں کی مشترکہ ذمہ داری

منشیات کے خلاف اس جنگ کو مؤثر بنانے کیلئے ریاست کے۲۰؍ انتظامی محکموں کی ذمہ داریاں طے کی گئی ہیں اور ۶؍ بنیادی ستونوں پر مشتمل ۲۱؍ ایکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ سپلائی روکنے کیلئے پولیس کے ساتھ صحت، ایف ڈی اےاور جی ایس ٹی محکمے مل کر کام کریں گے، جبکہ طلب کم کرنے کیلئے اسکول و اعلیٰ تعلیم کے محکمے بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلائیں گے۔

 کارکردگی کی نگرانی

ضلعی کمیٹیوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے ۴۰؍ معیارات اور کُل ۶۵۰؍ پوائنٹس پر مشتمل جائزہ نظام (Performance Matrix) نافذ کیا گیا ہے۔ اچھا کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی ہوگی جبکہ لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ نشہ چھڑانے والے مراکز (ڈی ایڈکشن سینٹرز) کو بھی مزید فعال بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: ریاست میں اب ہر قانونی فلیٹ کا الگ ’ورٹیکل پراپرٹی کارڈ‘ بنے گا

اعلیٰ حکام کا لائحہ عمل

میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) منیشا مہیسکر نے بتایا کہ ’’منشیات کی روک تھام کو ’مکھیہ منتری ماجھی شالا، سندر شالا‘ اسکیم میں شامل کیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں گرام پنچایتوں کے ذریعے ’منشیات سے پاک گاؤں‘ کی قراردادیں منظور کرائی جائیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس( ڈی جی پی) سدانند داتے نے کہا کہ تمام اضلاع کیلئے یکساں ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت منشیات اسمگلنگ کے مالیاتی لین دین کی تفتیش، مجرمانہ زنجیر کا سراغ لگانے اور ملزمین کی جائیدادیں ضبط کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکیش چندرا، ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی سمیت ریاست بھر کے ضلع کلکٹر، پولیس کمشنر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس پی) نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK