• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی پروجیکٹ کے نام پر ہزاروں ایکڑ زمین اڈانی کو دی گئی

Updated: November 29, 2026, 11:40 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

دھاراوی کے باشندوں کے منصفانہ حقوق کیلئے منعقدہ آل پارٹی مورچے میں کانگریس، ادھو سینا، ایم این ایس، آپ اور دیگر پارٹی کے لیڈران نے شرکت کی اور ان کے مطالبات پورا کرنے پر زور دیا۔

Leaders of the all-party front are seen together on stage in Dharavi (Photo: PTI)
دھاراوی میں آل پارٹی مورچے کے لیڈر اسٹیج پر ایک ساتھ نظر آرہے ہیں( تصویر: پی ٹی آئی)

دھاراوی ری ڈیولپمنٹ (ڈی آر پی) میں ہر دھاراوی واسی کی اسی جگہ باز آباد کاری اور ہر مکان اور دکان کے عوض مجوزہ جگہ کے مقابلے بڑی جگہ کا مطالبہ کرتے ہوئے سنیچر کو اپنی نوعیت کا ایک عظیم الشان آل پارٹی مورچہ منعقد کیا گیا جس میں کانگریس، شیوسینا، ’مہاراشٹر نو نرمان سینا‘ (ایم این ایس)، ’کمیونسٹ پارٹی‘ (سی پی آئی) اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈران اس مہم میں متحد نظر آئے اور ان پارٹیوں کے لیڈران نے عوام سے خطاب کیا۔ 

دھاراوی ایکسپیریئنس سینٹر کے باہر منعقدہ اس مورچے کے دوران پولیس کا سخت بندوبست تھا اور جلسہ گاہ کے اطراف بڑی تعداد میں دکانوں کو بند رکھا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ بھی بہت سے افراد اپنے کاروبار بند کرکے اس احتجاجی مہم میں شامل ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’چیلنجز کا مقابلہ دین پر استقامت اور اسلامی تعلیمات کو اختیار کرکےکریں‘‘

ممبئی کانگریس کمیٹی کی صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر ورشا گائیکواڑ، ایم ایل اے ڈاکٹر جیوتی گائیکواڑ،  شیوسینا (ادھو) لیڈر آدتیہ ٹھاکرے، ایم ایل اے مہیش ساونت، ایم این ایس کے سابق ایم ایل اے بالا نندگاؤنکر، آپ کی ممبئی صدر پریتی مینن، سی پی آئی مہاراشٹرکے ممبر سیکریٹری کامریڈ پرکاش ریڈی، سی پی آئی (ایم) کے ممبئی سیکریٹری کامریڈ شیلیندر کامبلےا ور دیگر نے اس جلسہ میں خطاب کیا۔ دیگر شرکاء میںشیو سینا ایم ایل اے منوج جامسوتکر، سابق وزیر سبھاش دیسائی، ایم پی انل پرب، میونسپل کارپوریٹر اور ممبئی کی سابق میئر کشوری پیڈنیکر، کانگریس کے حکمراج مہتا، بزنس مین اسوسی ایشن کے سمیر منگرو، اے آئی ایم آئی ایم کے منور علی اور دیگر افرادشامل تھے۔

ورشا گائیکواڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھاراوی کی ترقی کے نام پر مہا یوتی حکومت نے ممبئی کی ہزاروں ایکڑ زمین اڈانی کو دے دی ہے اور دھاراوی کو اصل مکینوں سے خالی کرواکر یہاں نیا ’باندرہ کرلا کمپلیکس‘ (بی کے سی) جیسا تجارتی مرکز بنانے کی تیاری ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شدت سے مطالبہ کیا کہ یہاں کے عوام کو اسی جگہ مکان کے بدلے مکان اور دکان کے بدلے دکان دی جائے، یہ لوگ دیونار، ملنڈ اور دیگر جگہوں پر منتقل نہیں ہوں گے۔

آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ دھاراوی روزگار کا مرکز ہے، صنعتوں اور کاروباروں کا ایک نیٹ ورک ہے۔ یہ ایک ایسی دنیا ہے جو اپنی خود مختار سماجی و ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھتی ہے اور کئی نسلوں کی مشکلات سے ابھرکر موجودہ شکل میں ہے۔ تاہم موجودہ حکومت ترقی کے نام پر اس شناخت کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کی ترقی دھاراوی کے باشندوں کو اعتماد میں لے کر، ان کی رضامندی سے اور ان کے حقوق کو برقرار رکھتے ہوئے کی جانی چاہئے لیکن ایسا نہیں ہورہا ہے۔ اس زیادتی کے خلاف دھاراوی کے باشندوں نے کمبھرواڑہ سے اڈانی ایکسپریئنس سینٹر تک مارچ میں اپنے اتحاد، طاقت اور لڑنے کے عزم کا مظاہرہ کیا۔اس دھڑک مورچہ کے بنیادی مطالبات یہ تھے کہ دھاراوی کے تمام ڈھانچے بشمول مکانات، دکانوں، کارخانوں اور مذہبی مقامات کو باز آباد کاری کیلئے اہل مانا جائے اور دھاراوی کے اندر ہی ری ڈیولپمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔ ہر ایک کو مفت رہائش فراہم کی جانی چاہئے، اس وقت جھوپڑوں اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے لئے ۵۰۰؍مربع فٹ اور مستقل مکانوں میں رہنے والوں کیلئے ۷۵۰؍ مربع فٹ کی جگہ دی جائے۔ ری ڈیولپمنٹ کے ماسٹر پلان کو فوری طور پر عام کیا جائے۔ یہاں کے باشندوں پر دھمکیوں، دھمکانے کیلئے غنڈوں کااستعمال، ڈراکر اور پیسوں کا لالچ دے کردباؤ ڈالنا بند کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: دھمکی آمیز ای میل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع، یوپی اے ٹی ایس کےذریعے گرفتارشدہ ملزم کے رول کی جانچ

مورچے کے اہم مطالبات 
*دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کا ماسٹر پلان کو فوری طور پر عام کیا جائے۔
*دھاراوی کے تمام ڈھانچوں بشمول مکانات، دکانوں، کارخانوں اور مذہبی مقامات کو بازآباد کاری کیلئے اہل مانا جائےاور یہاں کے تمام افراد کو دھاراوی میں ہی بسایا جائے۔ 
*جھوپڑوں کے مکینوں کو ۵۰۰؍ اور پکے مکانات والوں کو ۷۵۰؍ مربع فٹ کی جگہیں دی جائیں۔
*دھاراوی واسیوں کو ڈرانے، دھمکانے اور لالچ دے کر ان پر دبائو ڈالنا بند کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK