این سی پی لیڈران نے میونسپل کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا۔
EPAPER
Updated: April 25, 2026, 11:12 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
این سی پی لیڈران نے میونسپل کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) نے میئر اور میونسپل کمشنر کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کرتے ہوئے شہر میں درپیش بنیادی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی صدر شعیب اشفاق خان (گڈو) کی قیادت میں کارپوریٹر فراز بہاوا الدین (بابا)، ملک مومن، ڈاکٹر طالش مومن، سابق کارپوریٹر حلیم انصاری ذکی انصاری، ایڈوکیٹ نسیم، سریش پاٹل ودیگر لیڈران پر مشتمل وفد کے ساتھ میئر نارائن چودھری اور میونسپل کمشنر انمول ساگر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفد نے شہریوں کے بنیادی مسائل کے تعلق سے گفتگو کی اور مسائل پر مشتمل ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔ میمورنڈم کے مطابق بھیونڈی شہر میں انتظامی کمزوریوں کے باعث شہری سہولیات بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ خصوصاً پانی کی شدید قلت نے عوام کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے۔ متعدد علاقوں میں پانی کی سپلائی غیر منظم ہے جبکہ کئی مقامات پر کم پریشر کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ میمورنڈم میں مانسون سے قبل نالوں کی صفائی نہ ہونے پر بھی سخت تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ہر سال بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مالی و جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس ضمن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نالوں کی صفائی کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے اور کچرے کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر:گرین انرجی، آئی ٹی پارک اور زمینی اصلاحات کو منظوری
شہر کی سڑکوں کی خستہ حالی کو بھی سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ آنے والے تہواروں کے پیش نظر سڑکوں کی مرمت جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ میمورنڈم میں آر سی سی سڑکوں پر اسپیڈ بریکرز کی کمی، نالوں اور بڑی گٹروں پر ڈھکن نہ ہونے اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات پر بھی توجہ دلائی گئی ہے۔ خاص طور پر بچوں کے لئے اس صورتحال کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی خرابی اور آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کو شہری سلامتی کے لئے تشویشناک بتایا گیا ہے اور متعلقہ محکموں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ آخر میں پارٹی کی جانب سے میونسپل انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ میئر اور میونسپل کمشنر نے وفد کی باتوں پر مثبت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔