Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی زبان کی لازمی شرط پر سیاست گرم

Updated: April 25, 2026, 11:09 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

مراٹھی زبان کی مخالفت کرنے والی تنظیموں کو مہاراشٹر نونرمان سینا کا انتباہ، آرٹی او کے افسران سے ملاقات۔

MNS officials meet RTO officials. Photo: INN
ایم این ایس کے عہدیداران کی آر ٹی او حکام سے ملاقات۔ تصویر: آئی این این

مراٹھی زبان کے نفاذ کے مسئلے پر کلیان شہر میں اچانک سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے اور زبان کے سوال نے مقامی سیاست میں نئی کشیدگی پیداکر دی ہے۔ مراٹھی زبان کو لازمی قرار دینے کے فیصلے کے خلاف بعض آٹورکشا کی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کی کال دئیے جانے کے بعد مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) نے سخت اور جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر مراٹھی زبان یا مراٹھی بولنے والے رکشا ڈرائیوروں کو نشانہ بنانے کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کا جواب پارٹی اپنے اسٹائل میں دے گی۔ ایم این ایس کے اس بیان کے بعد شہر میں سیاسی درجۂ حرارت مزید بڑھ گیا ہے اور ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کے لئے امن و امان برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ۴؍ مئی کو مراٹھی زبان کی پابندی کے خلاف کچھ تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس کے جواب میں ایم این ایس کے مقامی عہدیداروں نے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس(آر ٹی او) کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارٹی عہدیداروں نے کہا کہ مہاراشٹر کی سرزمین پر مراٹھی کا احترام ہرحال میں کرنا ہوگا۔ اگر کسی نے بھی مراٹھی رکشا ڈرائیوروں کو ہراساں کیا یا زبان کی مخالفت کی تو ایم این ایس کے کارکن سڑکوں پر اتر کر انہیں سبق سکھائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۲۸؍ سال میں کروڑوں روپے خرچ لیکن کتوں کی تعداد کم نہیں ہوئی!

وفد نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری قوانین کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ میں مراٹھی کا استعمال لازمی بنایا جائے۔ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لائسنس کی تجدیداسی وقت کی جائے جب وہ مراٹھی زبان کا بنیادی علم رکھتے ہوں۔ ایم این ایس کے عہدیدار یوگیش پاٹل نے بتایا کہ پارٹی نے مراٹھی ڈرائیوروں کی شناخت اور حمایت کے لئے رکشوں پر خصوصی اسٹیکرز لگانے کی مہم شروع کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا ہے کہ رکشا اسٹینڈ پر ہونے والی بدنظمی، میٹر سے سفر کرنے میں آنا کانی اور مسافروں سے بدتمیزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آر ٹی او اور پولیس انتظامیہ نے ان مطالبات پر فوری عمل درآمد نہ کیا اور مراٹھی مخالف عناصر پر لگام نہ کسی تو پارٹی اپنے انداز میں شدید احتجاج شروع کرے گی جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK