بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی غفلت پر سوال،عمارت گرنے سے گردوغبار پھیل گیا تھا۔
انہدامی کارروائی کے دوران مکان گرنے سے پورا علاقہ گرد و غبار کی زد میں آ گیا تھا۔ تصویر:آئی این این
گوری پاڑا میں واقع ایک ’’انتہائی خطرناک‘‘ قرار دی گئی عمارت کے انہدام کارروائی کے دوران بنیادی حفاظتی انتظامات اختیار نہ کئے جانے سے بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن (بی این سی ایم سی) کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور منصوبہ بندی پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ زمینی منزل سمیت ۲؍ منزلہ یہ عمارت پوکلین مشین کے ذریعے تو ڑے جانے کے دوران اچانک منہدم ہو گئی اور پورا علاقہ گرد و غبار کی زد میں آ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق انہدامی کارروائی سے قبل نہ مناسب بیریکیڈنگ کی گئی، نہ ٹریفک کنٹرول یا عوام کو محفوظ فاصلے پر رکھنے کے انتظامات نظر آئے۔ گنجان آبادی والے علاقے میں اس نوعیت کی کارروائی بغیر حفاظتی دائرہ قائم کئے انجام دئیے جانے کو سنگین لاپروائی قرار دیا جا رہا ہے۔عمارت کے اچانک گرنے کے بعد چاروں طرف دھول اور مٹی پھیل گئی تھی جبکہ مقامی مکینوںنے سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کی شکایت کی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس پہلے ہی مضر سطح پر ہے، اس کے باوجود گرد و غبار پر قابو پانے کے لئے پانی کے چھڑکاؤ یا دیگر احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے۔اگرچہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ یہ محض اتفاق تھا۔ عوام اور سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی جانچ کی جائے اور آئندہ اس طرح کی کارروائیوں میں حفاظتی اور ماحولیاتی ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔