• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سرمائی اجلاس مایوس کن رہا، محض اعلانات کی بارش ہوئی‘‘

Updated: December 15, 2025, 11:48 AM IST | Iqbal Ansari | Nagpur

اپوزیشن نے مہایوتی حکومت پر سخت تنقید کی ، الزام لگایا کہ ۷؍روزہ ناگپور اسمبلی اجلاس صرف ضمنی بجٹ کی منظوری کیلئے ہوا ہے

From right, Jayant Patil, Vijay Detewar and Bhaskar Jadhav at the press conference. Picture: INN
پریس کانفرنس میں دائیں سے جینت پاٹل، وجئے ڈیٹیوار اور بھاسکر جادھو۔ تصویر:آئی این این
سرمائی اجلاس کے اختتام پر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں نے کہاکہ   ناگپور میں ۷؍روزہ سرمائی اجلاس ہوا لیکن اس سیشن سے نہ تو کسانوں کو اور نہ ہی ودربھ کے عوام کو کچھ حاصل ہوا، اسلئے یہ اجلاس بے سود رہا۔ اعلانات کی بارش ہوئی۔ یہ اجلاس صرف ضمنی بجٹ کی منظوری کیلئے ہوا۔
سرمائی اجلاس ختم ہونے کے بعد اپوزیشن کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی۔اس میں شیوسینا (ادھو) پارٹی کے گروپ لیڈر بھاسکر جادھو، کانگریس کے لیجسلیٹو لیڈر  وجے وڈیٹیوار، این سی پی ( شرد ) کے لیڈر جینت پاٹل ، سچن اہیر( شیو سینا ۔ ادھو) اور دیگر موجود تھے۔
بھاسکر جادھو نے کہا کہ یہ سیشن انتخابات میں سرکاری خزانے سے پیسہ خرچ کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔ حکومت نے جو چند اعلانات کئے وہ ممبئی، تھانے، نوی ممبئی کیلئے تھے، لیکن ودربھ کیلئے ایک بھی اعلان نہیں کیا گیا۔  جادھو نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیشن ودربھ کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔ یہ اجلاس بلدیاتی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کیا گیا تھا۔
رکن کونسل ( شیو سینا ۔ ادھو)سچن اہیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے خلاف کرپشن کے کئی الزامات کے بارے میں سوال پوچھنے کے باوجود حکومت نے کارروائی نہیں کی۔ودربھ کے دھان، سویا بین اور کپاس کے کاشتکار اس سیشن کو پوری امید کے ساتھ دیکھ رہے تھے۔ ہم نے مطالبہ کیا کہ دھان اور سویابین کو بونس دیا جائے لیکن حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ریاست کے نوجوان بے روزگار ہیں ، منشیات کا مسئلہ ہے، لیکن حکومت اس پر کارروائی کرنے میں کوئی ٹھوس رول نہیں لے رہی ہے۔
وجے ودیٹیوار نے بھی تنقید کی اور کہاکہ حکومت اعلانات کرنے پر زیادہ یقین رکھتی ہے ، لیکن عمل کرنے پر نہیں ۔  قانون ساز کونسل کے گروپ (کانگریس) لیڈر ستیج پاٹل نے کہا کہ اس اجلاس میں نعروں کی بارش ہوئی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ کپاس کے خریداری مرکز میں اضافہ کیا جائے لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ جیب میں پیسہ نہیں لیکن نعرے بے تحاشہ ہیں، یہی مہایوتی حکومت کا حال ہے۔ اس حکومت نے اتنے اعلانات کئے ہیں کہ اس کے لیے بجٹ مختصر ہو جائے گا۔
انہوںنے مزید کہاکہ وزیر اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ ریاست میں سرمایہ کاری آرہی ہے، مفاہمت ناموں پر دستخط ہوچکے ہیں، لیکن جن کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کئے گئے ہیں وہ ریاست میں نہیں آرہی ہیں، ، اس لیے بے روزگاری کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ این سی پی ( شرد ) کے لیڈر جینت پاٹل نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھائے، لیکن کوئی ٹھوس جواب نہیں ملا، اس لیے ۷؍ دنوں میں عوام کو مایوسی ہوئی۔
ناگپور سرمائی اجلاس ختم 
ناگپور ودھان بھون میں سخت پولیس بندوبست کےدرمیان پیر ۸؍ دسمبر سے شروع ہونیوالا ۷؍ روزہ سرمائی اجلاس اتوار کو ختم ہو گیا ۔ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے اجلاس ختم ہونے کااعلان کیا۔ اس اجلاس میں ۷۲؍ گھنٹے ۳۵؍ منٹ کارروائی ہوئی۔ یہ فرنویس حکومت کا تیسرا اجلاس تھا۔ اگلااجلاس ۲۳؍ فروری ۲۰۲۶ء کو ممبئی میں منعقد کیا جائے گا۔ ودھان بھون سے ملی معلومات کےمطابق اس اجلاس میں ۶؍آرڈیننس پیش کئے گئے۔
سرمائی اجلاس میں درج ذیل کام کیا گیا:
 ۷؍ نشستیں، براہ راست کام:۷۲؍ گھنٹے ۳۵؍ منٹ
 دیگر وجوہات کی وجہ سے ضائع وقت:۱۰؍ منٹ
اوسط یومیہ کاروبار:۱۰؍ گھنٹہ ۲۲؍ منٹ 
حکومتی بل:اسمبلی:۱۸؍ پیش  ۱۶؍ منظور

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK