بیٹے کی حالت تشویشناک ،ممبئی کے سائن اسپتال میں علاج جاری۔
حادثہ میں شدید زخمی ہونے والے اشفاق انصاری اور ان کا بیٹا۔ تصویر: آئی این این
یہاں نائیگاؤں ایس ٹی روڈ پر پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں باپ بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔بچے کی حالت تشویشناک ہونے سبب اسے ممبئی کے سائن اسپتال ریفر کیا گیا ہے جبکہ اس کے والد کو بھی سر، ہاتھ اور پیر میں گہری چوٹیں آئی ہیں۔ جن کا علاج نجی اسپتال میں جاری ہے۔
اطلاع کے مطابق نائیگاؤں میں رہائش پذیر فیض اشفاق انصاری (۴۰) اپنی موٹر سائیکل میں پٹرول بھرانے کی غرض سے گھر سے نکلے تھے۔ اسی دوران اُن کا بیٹا فراز فیض انصاری (۴) بھی ضد کر کے ساتھ بیٹھ گیا۔ جیسے ہی وہ ریگل ہوٹل کے قریب پہنچے ان کے پاس سے ایک تیز رفتار پانی کا ٹینکر گزرا ،جس سے موٹرسائیکل کا توازن بگڑ گیا۔
فیض نے بڑی مشکل سے خود کو ٹینکر کے پہیوں کے نیچے آنے سے بچایا۔ اس کوشش میں اس کے سر، ہاتھ اور پیر زخمی ہوگئے۔ اس کشمکش میں ان کا بیٹا موٹر سائیکل سے گر گیا، جس کے باعث اُس کے سر پر شدید چوٹ لگ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد موقع پر موجود شہریوں نے باپ بیٹے کو اٹھا کر اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بچے کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے ممبئی کے سائن اسپتال ریفر کر دیا جبکہ فیض کا علاج ایک نجی اسپتال میں جاری ہے۔حادثے کے بعد پانی کا ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ نارپولی پولیس نے جائے حادثہ کا پنچنامہ کیا اور فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔