• Sat, 25 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے آخری سیزن کا آخری ایپی سوڈ سنیما گھروں میں ریلیز ہوگا

Updated: October 25, 2025, 6:00 PM IST | Los Angeles

سائنس فکشن نیٹ فلکس سیریز ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے شائقین کیلئے بڑی خبر یہ ہے کہ ڈفر برادرز کی مشہور سیریز کا پانچواں اور آخری سیزن اپنی دو گھنٹے طویل اختتامی قسط کے ساتھ ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو امریکہ اور کنیڈا کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ ڈفر بردرز کی مقبول ترین سیریز ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کا آخری ایپی سوڈ جس کا عنوان ’’دی رائٹ سائڈ اَپ‘‘ ہے، ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کی شام ۵؍ بجے سے لے کر یکم جنوری ۲۰۲۶ء تک امریکہ اور کنیڈا کے ۳۵۰؍ تھیٹروں میں دکھایا جائے گا۔ تاہم، یہ قسط بیک وقت نیٹ فلکس پر اسٹریمنگ کیلئے بھی دستیاب ہوگی۔ سیریز کے مرکزی ستاروں میں ملی بوبی براؤن، فن وولف ہارڈ، مایا ہاک، کیلَب میک لافلن، نوح شنپ، وینو نا رائڈر، ڈیوڈ ہاربر، گیٹن ماتارازو، سیڈی سنک، جو کیری، نٹالیا ڈائر اور بریٹ گیلمین شامل ہیں۔واضح رہے کہ یہ شو ۱۹۸۰ء کی دہائی کے فرضی قصبے ہاکنز میں ترتیب دیا گیا ہے اور جولائی ۲۰۱۶ء میں ریلیز ہونے کے بعد تیزی سے دنیا بھر میں مقبول ہوا۔

یہ بھی پڑھئے:مشہور اداکار ستیش شاہ کا ۷۴؍سال کی عمر میں انتقال

خیال رہے کہ ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ نے اپنے منفرد انداز، کہانی، اور وی ایف ایکس کے باعث ناقدین اور ناظرین دونوں سے پذیرائی حاصل کی۔ اس کے مشہور کردار الیون، ول بائرز، جم ہوپر، ڈسٹن ہینڈرسن اور نینسی وہیلر نے عالمی سطح پر مداحوں کا دل جیتا۔ سیریز کے تخلیق کاروں میٹ اور راس ڈفر نے نیٹ فلکس سے گفتگو میں کہا کہ ’’ہم پرجوش ہیں کہ شائقین فائنل ایپی سوڈ کو تھیٹر میں دیکھ سکیں گے۔ یہ وہ خواب ہے جس پر ہم برسوں سے کام کر رہے تھے۔ نیٹ فلکس اور اس کے عہدیداروں کے ہم شکر گزار ہیں جنہوں نے اسے ممکن بنایا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:وانگا نے اسپرٹ آڈیو ٹیزر میں پربھاس کو ملک کا سب سے بڑا سپر اسٹار قرار دیا۔ شاہ رخ کے مداح برہم

انہوں نے مزید کہا کہ ’’بڑی اسکرین پر، شاندار آواز اور مداحوں سے بھرے ہال میں اسے دیکھنا ایک یادگار تجربہ ہوگا۔ یہ اس ایڈونچر کے اختتام کو منانے کا بہترین طریقہ ہے۔‘‘ یاد رہے کہ اس شو کے سیزن ۴؍ نے نیٹ فلکس پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کی جسے ۱۴؍ کروڑ ۷؍ لاکھ سے زائد ویویوز ملے جو اسے پلیٹ فارم کے ٹاپ 10 شوز میں شامل کرتا ہے۔ ۵؍ واں اور آخری سیزن ۳؍ حصوں میں ریلیز ہوگا۔ پہلا حصہ ۲۶؍ نومبر کو دوسرا حصہ ۲۵؍ دسمبر کو اور تیسرا حصہ ۳۱؍ دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ابراہیم علی خان کو اداکاری چھوڑکر کرکٹ کھیلنے کا مشورہ

۱۹۸۷ء کے خزاں میں ترتیب دیا گیا ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ سیزن ۵؍ ہاکنز شہر کی تباہی کے بعد کی کہانی سناتا ہے، جہاں ویکنا کے خلاف ایک آخری فیصلہ کن جنگ قریب ہے۔ ول بائرز کی گمشدگی کی برسی کے ساتھ، ہیروز ایک بار پھر متحد ہوتے ہیں لیکن ویکنا کے ٹھکانے اور اس کے منصوبے اب بھی ایک راز ہیں۔ تخلیق کاروں نے اعلان کیا ہے کہ ٹرمینیٹر اداکارہ لنڈا ہیملٹن بھی آخری سیزن میں اہم کردار ادا کریں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK