بلند عمارتوں میں آتشزدگی کے دوران آگ بجھانے اور بالائی منزلوں پر پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا فائر بریگیڈ محکمہ جدید ہائیڈرولک سیڑھی حاصل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 12:21 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بلند عمارتوں میں آتشزدگی کے دوران آگ بجھانے اور بالائی منزلوں پر پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا فائر بریگیڈ محکمہ جدید ہائیڈرولک سیڑھی حاصل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
بلند عمارتوں میں آتشزدگی کے دوران آگ بجھانے اور بالائی منزلوں پر پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لئے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کا فائر بریگیڈ محکمہ جدید ہائیڈرولک سیڑھی حاصل کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ تقریباً۲۵؍ کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی جانے والی یہ مشین۴۲؍میٹر بلندی تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کے ذریعے بلند عمارتوں میں آگ بجھانے اور مشکل حالات میں ریسکیو آپریشن انجام دینے میں مدد مل سکے گی۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے ایم ایم آر ڈی اے کے علاقائی ترقیاتی منصوبے کے تحت۱۰۰؍ کروڑ روپے کی سرکاری فنڈنگ حاصل کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس میں فائر بریگیڈ کی جدید کاری اور۲۵؍ کروڑ روپے کی ہائیڈرولک سیڑھی مشین کی خریداری بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ یہ فنڈنگ فی الحال تجویز کے مرحلے میں ہے، منظوری ملنے کے بعد ہی منصوبے پر عمل درآمد ممکن ہوگا۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کی ضروری انتظامی اور جنرل باڈی کارروائی مکمل کرکے تجویز ایم ایم آر ڈی اے کے سامنے پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان: ۲؍ماہ سے ڈپو میں کھڑی الیکٹرک بسوں کو سڑکوں پر اتارنے کا مطالبہ
فائر بریگیڈ کو جدید بنانے کی ضرورت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ۲۰۲۲ء سے ۲۰۲۵ء کے درمیان بھیونڈی شہر میں آگ لگنے کے ۵۱۹؍ اور دیہی علاقوں میں۴۰۱؍ واقعات درج ہوئے۔ اس طرح۴؍سال میں مجموعی طور پر آتشزدگی کے۹۲۰؍ واقعات پیش آئے۔ دیہی بھیونڈی میں۵۰؍ہزار سے زائد گودام ہونے کے باوجود مستقل فائر بریگیڈ مرکز قائم نہیں ہوسکا ہے۔ تنگ سڑکوں، ٹریفک جام اور پانی کی قلت کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ کے پاس ۳۳؍ گاڑیاں ہونے کے باوجود منظور شدہ ۱۶۵؍ عہدوں میں سے ۱۲۱؍ خالی ہیں۔ ڈرائیور آپریٹر کے۳۱؍ میں سے۳۰؍ عہدے بھی خالی پڑے ہیں۔ اس کمی کو دور کرنے کے لئے۵۰؍ فائر مینوں کی بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے جس کی ذمہ داری ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز (ٹی سی ایس ) کو سونپی گئی ہے۔