۳۰؍نومبر تک مطالبات پورا نہ ہونے پر یکم دسمبر کوشہر کی آٹورکشا اور ٹیکسی کی یک روزہ علامتی ہڑتال کرنے کا انتباہ ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کو میمورنڈم بھی دیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 12:14 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
۳۰؍نومبر تک مطالبات پورا نہ ہونے پر یکم دسمبر کوشہر کی آٹورکشا اور ٹیکسی کی یک روزہ علامتی ہڑتال کرنے کا انتباہ ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کو میمورنڈم بھی دیا گیا۔
سی این جی اور ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور دیگر طویل عرصے سے زیرِ التواء مطالبات کے حل کے لئےتھانے کی آٹو رکشا اور ٹیکسی یونینوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ اگر ۳۰؍ نومبر تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو یکم دسمبر ۲۰۲۶ء کو تھانے شہر میں یکروزہ علامتی ہڑتال (رکشا۔ ٹیکسی بند) اور چکہ جام احتجاج کیا جائے گا۔ یہ اعلان تھانے کے سرکاری ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران یونین کے لیڈروں نے کیا اور اپنے احتجاجی لائحہ عمل کی تفصیلات پیش کیں۔
پریس کانفرنس میں کیاکہاگیا؟
پریس کانفرنس کے دوران مشترکہ ایکشن کمیٹی کے مشیر جتیندر کمار اندیسے نے میڈیا کو بتایا کہ ’’میٹر آٹو رکشا کے کرایے میں اضافہ کرنے اور ای-بائیک ٹیکسی کے خلاف کارروائی جیسے اہم مدعوں سمیت ۱۱؍ مطالبات کیلئے تھانے، ممبرا، کلوا، کلیان، ڈومبیولی اور دیگر علاقوں کی مختلف سیاسی پارٹیوں کی یونینوں نے حمایت کی ہے۔ ان پارٹیوں میں شیو سینا (شندے)، شیو سینا (ادھو)، بی جے پی اور این سی پی (شرد اور اجیت) سے وابستہ یونینیں بھی شامل ہیں۔‘‘یونین عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تھانے پولیس کمشنر کو بھی ایک میمورنڈم پیش کیا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ۳۰؍ نومبر تک ڈرائیوروں کے مسائل پر بات چیت کر کے ٹھوس فیصلہ کیا جائے، بصورتِ دیگر ۳۰؍ نومبر کی آدھی رات سے تھانے شہر میں تمام آٹو رکشا اور ٹیکسیاں چکہ جام کر دیں گی۔
یونین لیڈروں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ وقت تک ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو یکم دسمبر کو شہر بھر میں چکہ جام احتجاج کیا جائے گا اور اس سے مسافروں کو ہونے والی تکلیف کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: جے دیپ اہلاوت، ابھیشیک اور برون سوبتی ’’پشپک ویمان‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے
۲۶؍ نومبر کو آٹو رکشا یونینوں کے ساتھ میٹنگ: وزیرِ ٹرانسپورٹ کا اعلان
اس سلسلے میں ریاست کے وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے کہا، ’’مجھے ایکتا رکشا-ٹیکسی چالک مالک سینا (تھانے) کے ڈویژنل صدر ایکناتھ بھویئر کی جانب سے ان کے مطالبات اور یکم دسمبر کی ہڑتال سے متعلق میمورنڈم موصول ہوا ہے۔ اس معاملے پر غور کے لئے مَیں نے ۲۶؍ نومبر کو صبح ۱۰؍ بجے ممبئی میں واقع ٹرانسپورٹ آفس میں سبھی یونینوں کے عہدیداروں کی ایک اہم میٹنگ طلب کی ہے جس میں ٹرانسپورٹ کمشنر کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔‘‘
’’رکشا اور ٹیکسی بند احتجاج نہ کریں‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ’’ ریاستی حکومت یونین کے اہم مطالبات جیسے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کی مناسبت سے کرایے میں اضافہ اور غیر قانونی بائیک ٹیکسیوں کے خلاف کارروائی کو جائز سمجھتی ہے اور ان کی تائید کرتی ہے۔ اسی لئےمَیں نے سبھی یونینوں سے درخواست کی ہے کہ وہ رکشا اور ٹیکسی بند احتجاج نہ کریں تاکہ عام شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ معاملہ پارٹیوں کی تفریق سے بالا تر ہوکر سلجھایا جائے گا۔‘‘واضح رہےکہ ممبئی کی ٹیکسی اور رکشا یونینوں نےبھی کرایے میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے۔
چند اہم مطالبات
ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ۱۱؍ مہینوں میں سی این جی کی قیمتوں میں اوسطاً ۱۱؍ روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ یکم ستمبر کو محکمۂ ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں محض ایک روپے کا نام نہاد اضافہ کیا جو سراسر ناکافی ہے۔ یونین نے مہنگائی کے تناسب سے کرایوں میں فوری نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ریپیڈو اور دیگر نجی بائیک ٹیکسیوں اور ای۔رکشوں کو دیئے گئے مسافر برداری کے اجازت نامے فوری منسوخ کئے جائیں، کیونکہ ان کی وجہ سے روایتی رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کا روزگار شدید متاثر ہو رہا ہے۔
ای-چالان جرمانوں میں معافی (ابھے یوجنا): ڈرائیوروں کے مطابق نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کئے جانے والے بھاری ای-چالان جرمانوں کی وصولی روکی جائے اور زیرِ التواء جرمانوں کو معاف کرنے کیلئے حکومت ’ابھے یوجنا‘ نافذ کرے۔