مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے اور بدعنوانی کو روکنے کیلئے مقرر کردہ مسابقتی امتحانی اصلاحات کمیٹی نے اپنی دوسری رپورٹ حکومت کو سونپ دی ہے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 12:26 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے اور بدعنوانی کو روکنے کیلئے مقرر کردہ مسابقتی امتحانی اصلاحات کمیٹی نے اپنی دوسری رپورٹ حکومت کو سونپ دی ہے۔
مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک ہونے اور بدعنوانی کو روکنے کیلئے مقرر کردہ مسابقتی امتحانی اصلاحات کمیٹی نے اپنی دوسری رپورٹ حکومت کو سونپ دی ہے۔ کمیٹی نے پیپر لیک کے قصوروار پائے جانے والوں کو ۷؍ سے ۱۰؍ سال قید کی سزا کے ساتھ کم از کم ۱۰؍ کروڑ روپے جرمانے اور اثاثے ضبط کرنے کی سفارش کی ہے۔رپورٹ میں بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے، مقدمات کی سماعت کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتوں اور امتحانی مراکز کے انتخاب سےمتعلق بھی تجاویزپیش کی ہیں۔ رپورٹ میں دی گئی سفارشات مقابلہ جاتی امتحانی عمل میں شفافیت بڑھانے، اُمیدواروں کی شکایات کو دور کرنے اور امتحانی نظام میں جوابدہی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم ہوں گی۔
ضلع کلکٹر امتحانی نظام کا ذمہ دار ہوگا!
ریاستی حکومت کی جانب سے مسابقتی امتحانی اصلاحات کمیٹی نےامتحانی عمل میں بددیانتی کو روکنے کیلئے ضلعی سطح پر ایک الگ میکنزم قائم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ ہر ضلع میں ضلع کلکٹر کے کنٹرول میں ایک الگ امتحانی شاخ قائم کرنے کے علاوہ امتحانی مراکز کا ایک الگ بینک (وینیو بینک) بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس بینک میں مراکز کا انتخاب ضلع کلکٹر کی نگرانی میں ہوگا۔اس کے علاوہ رپورٹ میں امتحان کی حفاظت کیلئے۳؍ درجے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، علاحدہ ٹیکنالوجی اور سائبر سیکوریٹی سیل قائم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ امتحان میں بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے سینئر پولیس افسران کی تقرری اور سنگین مقدمات کیلئے خصوصی ٹاسک فورسیز کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے میں آٹورکشا اورٹیکسی کے کرایے میں اضافے کا مطالبہ
امتحانی فیس واپس دینے کی سفارش
امتحان میں شرکت کرنے والے اُمیدواروں کو مالی راحت فراہم کرنے کیلئے، مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے امتحان کی پوری فیس واپس کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اصلاحات میں تیزی آئی
ایم پی ایس سی ڈرگ انسپکٹر کی بھرتی کے امتحان کے پیپر لیک کیس نے ریاست میں بھرتی کے عمل پر سوالات اُٹھائے تھے۔ یہ امتحان ۲۲؍ مارچ ۲۰۲۶ءکو ۱۵۴؍اسامیوں کیلئے منعقد کیا گیا تھا،لیکن ایم پی ایس سی نے ۲۵؍ اگست کو بھرتی کے پورے عمل کو اس الزام کے بعد منسوخ کر دیا کیونکہ سوالیہ پرچہ پہلے ہی کچھ اُمیدواروں تک پہنچ چکا تھا۔ اس کیبعد حکومت نے۲۰۲۶ ءمیں مسابقتی امتحانی اصلاحات کمیٹی تشکیل دی تھی۔