ونجار پٹی ناکہ کے اے کے شاورما اسٹال سے چکن شاورما کھانے کے بعدغذائی سمیت، دو سالہ بچے سے حاملہ خاتون تک متاثر، شاورما اسٹال منہدم کردیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 12:14 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ونجار پٹی ناکہ کے اے کے شاورما اسٹال سے چکن شاورما کھانے کے بعدغذائی سمیت، دو سالہ بچے سے حاملہ خاتون تک متاثر، شاورما اسٹال منہدم کردیا گیا۔
شہر میں چکن شاورما کھانے سے غذائی سمیت کا ایک اور واقعہ سامنے آنے کے بعد کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت اور ان کے معیار کی جانچ پر ایک بار پھر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ ونجار پٹی ناکہ واقع اے کے شاورما اسٹال سے چکن شاورما کھانے والے ایک درجن سے زائد افراد الٹی، دست اور بخار کی شکایت کے بعد اسپتال پہنچ گئے۔ متاثرین میں ۲؍ سال کے بچے سے لے کر۳۸؍سال تک کے افراد شامل ہیں جبکہ ایک حاملہ خاتون کو بھی علاج کے لئے اندرا گاندھی میموریل (آئی جی ایم) سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی رات شہر کے مختلف علاقوں میں رہنے والے متعدد افراد نے مذکورہ اسٹال سے چکن شاورما خرید کر کھایا تھا۔ کچھ گھنٹوں بعد ہی ان کی طبیعت خراب ہونے لگی اور الٹی، دست اور بخار کی شکایات شروع ہوگئیں۔ ابتداءمیں اسے معمولی طبیعت کی خرابی سمجھا گیا لیکن منگل کی دوپہر تک حالت بگڑنے پر متاثرین نے اسپتال پہنچنا شروع کردیا۔ ایک کے بعد ایک مریض آنے سے اسپتال میںغذائی سمیت کے متاثرین کی تعداد بڑھ گئی۔ فی الحال ایک درجن سے زائد افراد کے بیمار ہونے کی اطلاع ہے اور خدشہ ہے کہ متاثرین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ تمام مریضوں کا علاج جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے میں آٹورکشا اورٹیکسی کے کرایے میں اضافے کا مطالبہ
اس واقعے نے چند ماہ قبل پیش آنے والے شاورما سےغذائی سمیت کے بڑے معاملے کی یاد تازہ کردی جب شہر میں شاورما کھانے سے تقریباً ۱۱۷؍ افراد بیمار ہوگئے تھے۔ اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کے متاثر ہونے کے باوجود اگر دوبارہ اسی نوعیت کا واقعہ سامنے آرہا ہے تو یہ غذائی تحفظ کے انتظامات اور متعلقہ محکموں کی نگرانی پر سوال ہے۔
متاثرین میں خواتین اور کم عمر بچے بھی شامل
شاورما کھانے سے متاثر ہونے والوں کی فہرست میں ریحانہ فیروز خان(۳۸)، زوبیہ فیروز خان(۱۶)، مظہر عرف فیصل فیروز خان(۱۵)، حسنیٰ فیروز خان(۱۰)، عظمیٰ فیروز خان (۶)، ثناء مومن (۳۰)، منتشا انصاری(۲۳)، نگار انصاری (۱۵)، قنوت مومن (۷)، مریم خان (۲۶) اور کلثوم مومن (۲)اوردیگر افراد شامل ہیں۔
شاورما اسٹال منہدم
واقعے کی اطلاع منظرِ عام پر آنے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے تجاوزات مخالف دستے نے کارروائی کرتے ہوئے ونجار پٹی ناکہ واقع مذکورہ شاورما اسٹال کو منہدم کردیا۔ کارروائی کے دوران جے سی بی مشین کی مدد سے شاورما تیار کرنے والی مشین کو بھی پوری طرح توڑ دیا گیا۔ اچانک کی گئی اس کارروائی سے واضح ہے کہ معاملہ سامنے آنے کے بعد میونسپل انتظامیہ حرکت میں آگیا۔