• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: ۲؍ماہ سے ڈپو میں کھڑی الیکٹرک بسوں کو سڑکوں پر اتارنے کا مطالبہ

Updated: November 25, 2026, 12:17 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کی بدانتظامی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے جہاں ایک طرف مسافر بسوں کی شدید قلت اور گھنٹوں کے انتظار سے پریشان ہیں وہیں دوسری جانب عوام کی سہولت کے لئے لائی گئی جدید ای وی (الیکٹرک) بسیں گزشتہ ۲؍ ماہ سے ڈپو میں کھڑی دھول چاٹ رہی ہیں۔

New electric buses have been parked at the depot for the past two months. Photo: INN
گزشتہ ۲؍ماہ سے الیکٹرک کی نئی بسیں ڈپو میں کھڑی ہیں۔ تصویر: آئی این این

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کی بدانتظامی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے جہاں ایک طرف مسافر بسوں کی شدید قلت اور گھنٹوں کے انتظار سے پریشان ہیں وہیں دوسری جانب عوام کی سہولت کے لئے لائی گئی جدید ای وی (الیکٹرک) بسیں گزشتہ ۲؍ ماہ سے ڈپو میں کھڑی دھول چاٹ رہی ہیں۔ شہری انتظامیہ کی اس بے حسی پر شہریوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔

واضح  رہے کہ میناتائی ٹھاکرے بس ڈپو میں پچھلے ۲؍ مہینوں سے نئی ای وی بسیں کھڑی ہیں لیکن تاحال انہیں مسافروں کی خدمت کے لئے سڑکوں پر نہیں اتارا گیا ہے۔دوسری طرف گودریج پارک روٹ پر محض ایک بس چلنے کی وجہ سے مسافروں کو ایک ایک گھنٹے تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث مجبوراً انہیں مہنگے متبادل ذرائع آمد و رفت کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی میں شاورما پھربیماری کا سبب بنا، ایک درجن سے زائد افراد اسپتال داخل

یہی صورتحال جھولے لال علاقے کی بھی ہے جہاں بسوں کی تعداد ناکافی ہونے سے مقامی شہری روزمرہ کے سفر میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ان عوامی مسائل کے فوری تدارک کے لئے کلیان کے بزرگ شہری پردیپ کمار ترویدی نے کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) انتظامیہ اور میئر کو مکتوب دیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سنگین مسئلہ کی جانب توجہ دلانے کے لئے اس سے قبل بھی متعدد بار درخواستیں دی گئیں تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

انہوں نے بس اسٹاپس پر بنیادی سہولیات کے فقدان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ متعدد مقامات پر بس اسٹاپ کے سائن بورڈز ہی نصب نہیں ہیں جس سے نئے مسافروں کو بس رکنے کی جگہ کا علم نہیں ہو پاتا۔ گودریج پارک روٹ کا کوئی علیحدہ بورڈ بھی نہیں لگایا گیا ہے جبکہ بس کنڈکٹروں کی جانب سے بھی مسافروں کو اسٹاپ کے حوالے سے درست رہنمائی فراہم نہ کئے جانے کی شکایات عام ہیں۔پردیپ کمار ترویدی نے شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے گودریج پارک روٹ پر ۲؍ اور جھولے لال علاقے کیلئے  ۲؍ اس طرح مجموعی طور پر ۴؍ بسیں فوری شروع کی جائیں۔ مزید برآں ڈپو میں بیکار کھڑی ای وی بسوں کو بلاتاخیر سروس میں شامل کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK