فرنچائز ختم کرکے متبادل بجلی تقسیم نظام نافذ کرنے کا مطالبہ، غیر معینہ مدت کی چکری بھوک ہڑتال کا اعلان، اراکین اسمبلی سے شرکت کی اپیل۔
رکن اسمبلی مہیش چوگلے کو ’ٹورینٹ گو بیک‘ تحریک میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا گیا۔ تصویر: آئی این این
بجلی صارفین سے متعلق مختلف شکایات اور ٹورینٹ پاور کی ڈسٹری بیوشن فرنچائز کی مدت ۲۰۲۷ء میں ختم ہونے کے پیش نظر ’بھیونڈی کر نیائے منچ‘ نے ایک بار پھر ٹورینٹ پاور کے خلاف تحریک تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منچ کی جانب سے ۵؍اکتوبر سے ’ٹورینٹ گو بیک‘ تحریک کے تحت غیر معینہ مدت کی چکری بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھیونڈی کر نیائے منچ کے مطابق بھیونڈی شہر اور دیہی علاقوں کے بجلی صارفین گزشتہ کئی برسوں سے بجلی کے اضافی بل، تیز رفتار میٹروں، ویجیلنس کارروائیوں اور صارفین کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب برتاؤ سمیت متعدد مسائل کی شکایات کرتے رہے ہیں۔ ان شکایات کے مستقل حل کے لئے بجلی کی تقسیم کے موجودہ نظام میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
۲۰۲۷ء میں فرنچائز کی مدت ختم ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے منچ کا کہنا ہے کہ حکومت کو آئندہ بجلی تقسیم کے انتظام سے متعلق فیصلہ کرتے وقت بھیونڈی کے صارفین کے مسائل اور شکایات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ اسی مطالبے کے تعلق سے ’ٹورینٹ گو بیک‘ تحریک کے تحت بھوک ہڑتال شروع کی جا رہی ہے۔بھیونڈی کر نیائے منچ نے شہریوں، سماجی کارکنوں اور مختلف تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تحریک میں شامل ہوکر بجلی صارفین کے مسائل کی آواز حکومت تک پہنچانے میں تعاون کریں۔ منچ کے مطابق بھوک ہڑتال ۵؍اکتوبر سے بھیونڈی پرانت دفتر کے سامنے شروع کی جائے گی اور یہ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
دونوں اراکین اسمبلی کو تحریک میں شرکت کی دعوت
’ٹورینٹ گو بیک‘ تحریک کے تحت ۵؍اکتوبر سے شروع ہونے والی غیر معینہ مدت کی چکری بھوک ہڑتال میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے بھیونڈی کر نیائے منچ کے وفد نے مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ اور مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے سے ملاقات کی۔ وفد نے دونوں اراکین اسمبلی کو دعوت نامہ سونپتے ہوئے ٹورینٹ پاور کی ڈسٹری بیوشن فرنچائز ختم کرکے متبادل بجلی تقسیم نظام نافذ کرنے کے مطالبے کو حکومت تک پہنچانے میں تعاون کی اپیل کی۔