یہاں یکم ستمبر سے پرسکون ماحول میں مطالعے کے ساتھ ساتھ آن لائن تعلیم کے لئے انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
EPAPER
Updated: August 31, 2026, 11:55 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
یہاں یکم ستمبر سے پرسکون ماحول میں مطالعے کے ساتھ ساتھ آن لائن تعلیم کے لئے انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
مسجدوں کو عبادت کے ساتھ ساتھ تعلیم، تربیت اور سماجی رہنمائی کے مراکز کے طور پر استعمال کرنے کی ضرورت ہمیشہ محسوس کی جاتی رہی ہے لیکن اس تصور کو عملی شکل دینے کی مثالیں کم ہی سامنے آتی ہیں۔ بھیونڈی کے سلامت پورہ، نائیگاؤں میں طیب مسجد کے پہلی منزل پر طلبہ کیلئے ’’عبدالحکیم انصاری اسٹڈی سینٹر‘‘ کا قیام اسی سلسلے میں ایک قابلِ تقلید قدم ہے۔
خانوادہ عبدالحکیم انصاری (حکیم سیٹھ) کی جانب سے قائم کئے گئے اس اسٹڈی سینٹر کا افتتاح اتوار کو ایک تقریب میں کیا گیا۔ یکم ستمبر۲۰۲۶ء سے شہر کے طلبہ صبح۹؍ بجے سے رات۹؍ بجے تک اس مرکز سے استفادہ کرسکیں گے۔ یہاں پرسکون ماحول میں مطالعے کے ساتھ آن لائن تعلیم کے لئے انٹرنیٹ اور وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں صدرجمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ قاسمی، ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند مولانا اوصاف فلاحی، رئیس ہائی اسکول و جونیر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، ڈاکٹر نثار مقری، شفیق احمد عبداللطیف انصاری، رئیس احمد عبداللطیف انصاری، عمران احمد عبداللطیف انصاری، سلیم رحمت اللہ انصاری اور شہر کی دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۰۰؍ سالہ ناکامیوں کے بعد موڈرنا اور مرک کی کینسر ویکسین میں پہلی بڑی کامیابی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تعلیم کی اہمیت اور اسٹڈی سینٹر کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ سیرت النبیؐ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے صالح، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ مقررین نے طلبہ کو برادران وطن کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم رکھنے اور ملک میں باہمی بھائی چارے کو فروغ دینے کی بھی ترغیب دی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مسجد کو صرف نماز تک محدود رکھنے کے بجائے تعلیم و تربیت کے لئے بھی استعمال کیا جائے۔ اس لحاظ سے مسجد سے متصل اسٹڈی سینٹر کا قیام معاشرے کے لئے ایک مثبت اور قابلِ تقلید مثال قرار دیا گیا۔ پروگرام کی نظامت عبدالمجید انصاری نے کی جبکہ شاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا انعقاد جمعیۃ علماء ہند (بھیونڈی) اور بھیونڈی اسٹوڈنٹس ہیلپ فورم کے اشتراک سے کیا گیا۔ پروگرام کی کامیابی میں رئیس انصاری، شاہد انور فاروقی، فہیم احمد مومن، سلیم یوسف شیخ، عبدالمجید انصاری ، مولانا اسعد قاسمی، مسیح الزماں انصاری، معاذ، عبداللہ ، شعیب اور دیگر افراد کا تعاون رہا۔