Inquilab Logo

بھیونڈی: میونسپل کمشنر سے ملاقات کیلئے پراپرٹی ٹیکس کی بھری ہوئی ر سید ساتھ لانا لازمی!

Updated: October 24, 2023, 9:37 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

نئے حکم نامے کے مطابق میونسپل کمشنر ہفتے میں ۲؍ ہی دن شہریوں سے ملاقات کریںگے،پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو کمشنر سے ملنے نہیں دیا جائیگا، شہریوں میں ناراضگی،حکم نامہ رد کرنے کا مطالبہ۔

Municipal Commissioner Ajay Vaidya. Photo: INN
میونسپل کمشنر اجے ویدیہ۔ تصویر:آئی این این

میونسپل کمشنر اورانتظامی افسر اجے ویدیہ سے اب وہی عام شہری ملاقات کرسکتے ہیں جنہوں نے اپناپراپرٹی ٹیکس ادا کردیا ہو۔ میونسپل کمشنر کے دفتر کے باہر آویزاں نوٹس کے مطابق اگر شہری پراپرٹی ٹیکس کی بھری ہوئی رسید ساتھ نہیں لائیں گے تو انہیں میونسپل کمشنر سے ملنے نہیں دیا جائے گا۔تازہ حکم نامے کے مطابق وہ اب شہریوں کو ہفتے میں صرف۲؍دن وہ بھی  ایک گھنٹے کیلئے ہی دستیاب ہیں۔ شہریوں نے ان کے اس نئے فرمان کو’تغلقی‘فرمان کا نام دیا ہے۔ ان کے مطابق میونسپل کمشنر کا یہ حکم نامہ عام شہریوں سے دوری اختیار کرکے خواص سے رابطہ بڑھانے کا اشارہ ہے۔  نئے حکم نامے کے تحت میونسپل کمشنر ہفتے میں صرف ۲؍ دن پیر اور جمعہ کی شام ۴؍بجے سے شام ۵؍ بجے کے درمیان ہی عام شہریوں سے ملاقات کر یںگے۔ نوٹس میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر میونسپل کمشنر اگر میٹنگ، ٹور یا ورکشاپ وغیرہ میں مصروف ہیں تو شہری ایڈیشنل میونسپل کمشنر یا متعلقہ ڈپٹی میونسپل کمشنر سے ملاقات کرلیں۔
 میونسپل کمشنر کے اس فیصلے کی شہریوں نے شدید مخالفت کی ہے۔ بیشترشہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ایک بہت بڑی تعداد ایسے شہریوں کی ہے جو کرائے کے مکانوں میں رہائش پذیر ہیں۔ کرایہ داروں کے پاس پراپرٹی ٹیکس کی رسیدیں نہیں ہیں۔ اس حکم نامے کے مطابق اب کرایہ دار اپنے کسی بہت ضروری کام کے سلسلے میں بھی میونسپل کمشنر سے ملاقات نہیں کرسکتے۔ شہریوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے اس حکم نامے کو شاہی فرمان کا نام  دے کر اسے فوری طور پر رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 این سی پی (شرد پوار)کے ترجمان  ملک نیازخان نے اس س سلسلے میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو خط لکھ کر اس ’شاہی فرمان‘کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ میونسپل کمشنر صرف لیڈروں سے ملاقات کرتے ہیں۔ عام شہریوں، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملنا انہیں پسند نہیں ہے۔ شہریوں کے مسائل کو حل کرنے میں کسی طرح کی کوئی دلچسپی نہیں دکھائی جارہی ہے۔ ملک نیاز خان نے کہا کہ میونسپل کمشنر کو چاہئے تھا کہ شہر میں مثبت تبدیلی کیلئے شہریوں سے رابطہ بڑھا کر ان کے مسئلے کی جڑ تک پہنچ کر اسے حل کرنے کی کوشش کرنا لیکن میونسپل کمشنر اس کے برعکس شہریوں سے دوری بڑھا رہے ہیں۔ میونسپل کمشنر کا تازہ حکم نامہ بدعنوان اور غیرقانونی کام کرنے ولوں کی حوصلہ افزائی اور ایماندار اور عام شہریوں کی حوصلہ شکنی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK