مسلسل اور تیز بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ درجنوں گھروں، دکانوں اور چھوٹے بڑے کارخانوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو بھاری نقصان اور شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
EPAPER
Updated: July 05, 2026, 11:24 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
مسلسل اور تیز بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ درجنوں گھروں، دکانوں اور چھوٹے بڑے کارخانوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو بھاری نقصان اور شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جمعہ کی نصف شب کے بعد سے جاری موسلا دھار بارش نے بھیونڈی، کلیان شہر کی معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ مسلسل اور تیز بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ درجنوں گھروں، دکانوں اور چھوٹے بڑے کارخانوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے شہریوں کو بھاری نقصان اور شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اہم تجارتی اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب آمد و رفت تقریباً مفلوج ہو کر رہ گئی۔
کمر تک پانی بھر گیا
بھیونڈی کےعیدگاہ روڈ اور تین بتی بھاجی مارکیٹ میں کمر تک پانی بھر جانے سے مقامی باشندوں اور تاجروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گاڑیاں سڑکوں پر پانی میں بند ہو گئیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور لوگوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔ شدید بارش کے باعث متعدد نشیبی بستیوں میں واقع مکانات میں پانی داخل ہو گیا، جبکہ کئی صنعتی یونٹوں اور گوداموں میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دریں اثنا، بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق شہر کے کئی حساس علاقوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سائی بابا مندر، کلیان روڈ، تلک گھاٹ، سنگم پاڑا، سمبھاجی مہاراج چوک سے چھترپتی شیواجی مہاراج چوک، چھترپتی شیواجی مہاراج چوک سے ٹھانگے آلی، نذرانہ سنیما سے گلزار ہوٹل اور بندر محلہ جیسے علاقوں میں غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں، کیونکہ ان مقامات پر بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’درختوں کے اطراف پیور بلاک اور سیمنٹ کنکریٹ ہی حادثات اور اموات کا سبب ہیں‘‘
مقامی انتظامیہ اور میونسپل عملہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ محکموں سے فوری رابطہ کریں۔
کلیان ڈومبیولی کا بھی برا حال
محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی سنیچر کی صبح درست ثابت ہوئی جب علی الصباح سے ہی کلیان، ڈومبیولی، الہاس نگر، امبرناتھ، بدلاپور اور اطراف کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس نے چند ہی گھنٹوں میں پورے خطے کو جل تھل کر دیا۔ شدید بارش کے باعث کلیان ضلع و سیشن کورٹ کے احاطے میں بھی پانی بھر گیا جس کے نتیجے میں وکلا، پولیس اہلکاروں اور عدالتی عملے کو گھٹنوں تک پانی میں گزر کر عدالت پہنچنا پڑا۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر روڈ پر بھی کافی دیر تک پانی جمع رہا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ کلیان مشرق کے چنچ پاڑہ کے راہل نگر میں بارش کا پانی براہ راست گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح نیو گووند واڑی میں فٹ پاتھ پر واقع نالے کا ڈھکن ٹوٹ جانے سے راہگیروں کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی میونسپل کارپوریشن کا ہنگامی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور نیا ڈھکن نصب کیا۔ موہندر سنگھ کابل سنگھ کی ایک چال اورٹٹوالہ کے اندرا نگر علاقے میں بھی متعدد گھروں میں پانی بھر گیا جس کے باعث مکینوں کو پوری رات جاگ کر گزارنی پڑی۔ ادھر کلیان مشرق کے لوک گرام علاقے میں شدید بارش کے دوران ایک بڑا درخت گرنے سے۳؍ گاڑیاں بری طرح تباہ ہو گئیں۔ دوسری جانب کلیان۔ شیل روڈ پر واقع پرانے پلاوا ریلوے فلائی اوور بریج کی سڑک کا کچھ حصہ کھسکنے کا واقعہ سامنے آنے سے علاقے میں کھلبلی مچ گئی۔ شہری انتظامیہ نے فوری طور پر متعلقہ جگہ پر بیریکیڈنگ کرکے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ تاہم فی الحال جاری بارش کی وجہ سے سڑک کا مزید کچھ حصہ دھنسنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔