Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’گیس سلنڈر کی قیمت ۲؍ ہزار تک پہنچ سکتی تھی لیکن ہم نے۹۵۰؍ میں دستیاب کرایا ‘‘

Updated: July 05, 2026, 11:38 AM IST | Jaipur

راجستھان کے بالوترا میں ریفائنری کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر ا عظم نے ایران جنگ کے سبب توانائی کے بحران میں ہندوستان کے کامیاب رہنے کادعویٰ کیا۔

Prime Minister Modi at the inauguration of a refinery in Rajasthan. Photo: PTI
وزیراعظم مودی راجستھان میں ریفائنری کےافتتاح کے موقع پر۔ تصویر:پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کی سابق کانگریس حکومت پر عدم تعاون کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے۲۰۱۸ء سے۲۰۲۳ء تک پچپدرا ریفائنری کا کام رُکا ہوا تھا اورجیسے ہی ریاست میں ڈبل انجن حکومت قائم ہوئی، منصوبے پر تیزی سے کام شروع ہوا اور آج اس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ مودی سنیچر کو ضلع بالوترا کے پچپدرا میں ریفائنری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ ِ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۱۷ء میں ایم اویو سائن کیا گیا تھا اور۲۰۱۸ء سے۲۰۲۳ءتک کانگریس کی حکومت رہی ہے اور کانگریس کے عدم تعاون کے باعث ریفائنری کا کام تعطل کا شکار رہا، لیکن جیسے ہی ڈبل انجن حکومت آئی اس کا کام تیزی سے آگے بڑھا اور آج اس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا’’آپ جانتے ہیں کہ میری کام کرنے کی یہی روش ہے کہ جس منصوبے کا سنگ ِ بنیاد ہم رکھتے ہیں، اس کا افتتاح بھی ہم ہی کرتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مسلسل اپنی ریفائنری صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔ امریکہ میں گزشتہ ۵۰؍ برسوں کے دوران ایک بھی نئی ریفائنری نہیں بنی، یورپ کی ریفائنری صلاحیت مسلسل کم ہوئی ہے اور آج ہندستان دنیا کے چوتھی سب سے بڑی ریفائنری صلاحیت والا ملک بن چکا ہے۔ ہم یہاں رکنے والے نہیں ہیں اور آنے والے دنوں میں اس صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان صدی کے سب سے بڑے توانائی بحران کا کامیابی سے مقابلہ کر کے ابھرا ہے۔ مودی نے کہا کہ کانگریس کی حکومتوں نے کبھی راجستھان کے آبی بحران کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا، جبکہ بی جے پی نہ علاقائیت کی سیاست کرتی ہے اور نہ ہی تقسیم کی، بلکہ ’قوم پہلے ‘ کے اصول پر عمل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے، اس وقت خوش قسمتی سے راجستھان میں بھی بی جے پی کی حکومت تھی جس کے باعث گجرات سے دریائے نرمدا کا پانی راجستھان کو بھی دیاگیا اور آج بھی وہاں پانی پہنچ رہا ہے۔ مغربی ایشیائی جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس دوران دوسرے ممالک کے ساتھ ہندوستان کی دوستی بہت مددگار رہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جنگ نے پوری دنیا میں کھلبلی مچا دی ہے۔ اس جنگ نے اکیسویں صدی کے سب سے بڑے توانائی بحران کو جنم دیا ہے۔ تاہم درست فیصلوں، درست تشخیص، موثر حکمت عملی اور سفارتی طاقت کے مثبت استعمال کے ذریعے ہندوستان بحران پر قابو پانے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس بحران کے سبب گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت ۲؍ہزارروپے تک پہنچ سکتی تھی لیکن ہم نے ۹۵۰؍ روپے میں دستیاب کرایا اور عوام کوپریشانی نہیں ہونے دی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ملک کاجمہوری نظام خطرہ میں ہے‘‘

انہوں نے راجستھان کو خودداری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خوددارملک اسی وقت بلند رہ سکتا ہے جب وہ خود کفیل ہوگا۔ راجستھان کی سرزمین سے ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی سمت ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے اور ریفائنری کو قوم کے نام وقف کیا گیا ہے۔ یہ ریفائنری ہزاروں افراد کے لیے روزگار کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا گواہ ہے کہ بی جے پی کی حکومتیں صرف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ کر نہیں چھوڑتیں بلکہ انہیں مکمل کرنے کیلئے دن رات محنت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریفائنری میں حادثہ پیش آیا، اس کے بعد اتنی تیزی سے اس کا کام مکمل کرکے یہ بھی ثابت کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جودھپور کے نئے ہوائی اڈے کے ٹرمینل کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ نیا ٹرمینل سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے اور چاروں طرف راجستھان چھایا ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK