انوی شکلا نے۱۰؍ریاستوں کے ۹۲۷؍کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر مجموعی طور پر۸؍لاکھ ۵۵؍ہزار ۴۶۰؍ کک کا ہدف کامیابی سے مکمل کیا۔
انوی شکلا کو ان کی شاندار کارکردگی کےلئے اعزاز سے نوازا گیا۔ تصویر: آئی این این
ہونہار مارشل آرٹ کھلاڑی انوی انوپ کمار شُکلا نے ۳۰؍ منٹ میں سب سے زیادہ راؤنڈ ہوز کک مار کر لمکا بک آف ریکارڈس میں قومی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے شہر اور ضلع کا نام روشن کردیاہے۔یہ ریکارڈ ویژن مارشل آرٹس اکیڈمی کے زیرِ اہتمام ۲۳؍نومبر ۲۰۲۵ءکو حیدرآباد کے آر آر ضلع میں واقع سروُر نگر انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ قومی پروگرام کے دوران بنایا گیاتھا۔
اس موقع پر ملک کی ۱۰؍ ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ۹۲۷؍ کھلاڑیوں نے شرکت کی، جنہوں نے مجموعی طور پر۸؍لاکھ ۵۵؍ہزار ۴۶۰؍ کک کا ہدف کامیابی سے مکمل کیا۔اس مقابلے میں۸؍سال سے ۷۰؍سال تک کی عمر کے مارشل آرٹ کھلاڑی شریک تھے، جن کا تعلق یلو بیلٹ سے لے کر ساتویں ڈان بلیک بیلٹ تک کے مختلف درجات سے تھا۔
انہی میں بھیونڈی بریئو یوتھ مارشل آرٹ اسوسی ایشن آف انڈیا سے وابستہ انوی شُکلا نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳۰؍ منٹ میں سب سے زیادہ راؤنڈ ہوز کک مار کر قومی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ لمکا بک آف ریکارڈس کی مدیر وتسلا کول بنرجی کے دستخط سے ہولوگرام کے ساتھ تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر انوی شُکلا کو ہر جانب سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ یہ کارنامہ نہ صرف ان کی محنت اور عزم کا ثبوت ہے بلکہ نوجوان نسل کے لئے حوصلہ افزا مثال بھی ہے۔ان کی کارکردگی سے شہر کا نام روشن ہوگیا۔