• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی سینٹرل کا بیلاسس بریج جلد شروع ہونے کا امکان

Updated: December 30, 2025, 4:31 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

قلب شہر میں واقع اس پل کو اپریل ۲۰۲۶ء تک مکمل کرنے کی مہلت دی گئی ہے تاہم اسے ۳۱؍ دسمبر تک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود بی ایم سی افسر کے مطابق متعینہ وقت پر یا دو ایک دن کی تاخیر سے بریج شروع کردیا جائے گا۔

Construction work is underway on the Belas Bridge connecting Nagpara and Tardeo. Picture: INN
ناگپاڑہ اور تاڑدیو کو جوڑنے والے بیلاس بریج پر تعمیراتی کام تندہی سےجاری ہے۔ تصویر:انقلاب
ممبئی سینٹرل ریلوے اسٹیشن سے متصل ناگپاڑہ اور تاڑدیو کو جوڑنے والے بیلاسس بریج کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے ٹھیکیدار کو اپریل ۲۰۲۶ء تک کی مہلت دی گئی ہے لیکن اسے ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بریج کا کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے لیکن ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے سیاستداں کسی پروجیکٹ کا افتتاح نہیں کرسکتے اس کے باوجود بی ایم سی کے ایک سینئر افسر کے مطابق بیلاسس بریج کو ۳۱؍ دسمبر یا دو ایک دن کی تاخیر سے شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
بادی النظر میں پیر تک اس بریج کے کچھ حصہ کی تعمیر نامکمل نظر آرہی تھی۔جس وقت نمائندہ یہاں پہنچا اس وقت بریج پر سڑک کے کچھ حصہ کی سطح اور درمیان میں ’ڈیوائیڈر نصب کرتے مزدور دکھائی دے رہے تھے اور یہ اندازہ کرنا دشوار تھا کہ محض ۲؍ روز میں باقی کا کام مکمل ہوسکتا ہے یا نہیں۔ بریج کی تعمیر اگر بدھ تک مکمل ہوجائے تب بھی ایک مسئلہ یہ ہے کہ ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے سیاستداں کسی پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کرسکتے اور اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کا اچھا موقع ہاتھ سے چلا جائے گا۔ تاہم ایک صورت یہ ہوسکتی ہے کہ سرکاری افسران سادگی سے اس کا افتتاح کردیں۔
بیلاسس بریج تنہا پروجیکٹ نہیں ہے میٹرو لائن ۲؍ بی کے پہلے مرحلے میں اندھیری (مغرب) میں ڈی این روڈ پر ڈائمنڈ گارڈن اور مانخورد میں منڈالے کے درمیان ۵ء۳؍ کلو میٹر کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ اسی طرح میٹرو ۹؍ میں دہیسر (مشرق) سے کاشی گائوں کے درمیان میٹرو کا کام بھی پورا ہوچکا ہے۔ تاہم ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے ان دونوں لائنوں کو بھی شروع نہیں کیا جارہا ہے۔ اگرچہ ایسا اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ سیاستدانوں کی عدم موجودگی میں سرکاری افسران ان دونوں لائنوں کا ۳۱؍ دسمبر کو سادگی سے افتتاح کریں گے۔ تاہم عام طور پر کسی بریج کے مقابلے میٹرو لائن ایک بڑا پروجیکٹ ہوتا ہے اس لئے بغیر افتتاحی تقریب کے کسی بریج کے شروع کردیئے جانے کے زیادہ قوی امکان ہوتے ہیں۔
اس سلسلے میں انقلاب نے بی ایم سی کے ایک سینئر افسر سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ’’اس بریج کا درمیانی حصہ ریلوے کے ماتحت آتا ہے اور باقی حصہ بی ایم سی کے زیر اہتمام ہے۔ ہماری طرف کا زیادہ تر کام مکمل ہوچکا ہے البتہ ریلوے کی حدود کا کچھ کام باقی ہے۔ اس کے باوجود امید ہے کہ ۳۱؍ دسمبر یا دو ایک روز کی تاخیر سے کام مکمل کرکے بریج کو عوام کیلئے شروع کردیا جائے گا۔‘‘
یہ اہم پل کن علاقوں کو جوڑتا ہے؟
مشرقی اور مغربی حصہ کو جوڑنے والے اس بریج کے شروع ہونے سے عوام کو ایک طرف ممبئی سینٹرل، ناگپاڑہ، جے جے، محمد علی روڈ، کرافورڈ مارکیٹ، بائیکلہ اور مجگائوںتو دوسری طرف تاردیو، تاردیو آر ٹی او، مہالکشمی ریس کورس، حاجی علی، لوٹس، ورلی، گرانٹ روڈ، ملبار ہل، نیپین سی روڈ اور دیگر علاقوں میں آمدورفت میں آسانی ہوجائے گی۔
نئے بریج سے موٹر سواروں اور راہگیروں کو کیا سہولت حاصل ہوگی؟
نیا بریج ۶؍ لین کا بنایا جارہا ہےجس کی اونچائی ساڑھے ۶؍میٹر ہے۔ پہلے اس بریج کی اونچائی ۵؍ میٹر تھی۔ اس کی تعمیر پر تقریباً ۱۱۰؍ کروڑ روپے خرچ آرہے ہیں جن میں سے ۷۰؍ کروڑ بی ایم سی اور ۴۰؍ کروڑ ریلوے ادا کررہی ہے۔
 
بیلاسس بریج کی تاریخ
۱۸۹۳ء میں بیلاسس بریج کو تعمیر کیا گیا تھا۔ اسے میجر جنرل جان بیلاسس سے موسوم کیا گیا تھا جنہوں نے قحط سالی سے نمٹنے کیلئے ۱۷۹۳ء میں اسی جگہ سڑک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا تھا جس پر بعد میں ریلوے کی پٹریاں بچھائی گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK