میونسپل کارپوریشن شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے راجیو گاندھی فلائی اوور پر تقریباً۲؍ کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔
فلائی اوور کے نیچے ضبط شدہ گاڑیاں دھول چاٹ رہی ہیں۔ تصویر:آئی این این
میونسپل کارپوریشن شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے راجیو گاندھی فلائی اوور پر تقریباً۲؍ کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ فلائی اوور کا رنگ و روغن ، ایل ای ڈی لائٹس، آرٹ ورک اور ترغیبی سلوگن کا کام تیزی سے چل رہا ہےمگر اسی فلائی اوور کے نیچے، راجیو گاندھی چوک کی بدتر حالت انتظامیہ کی کوششوں کا منہ چڑارہا ہے۔ فلائی اوور کے نیچے راجیو گاندھی چوک پر سیکڑوں ضبط شدہ پہیہ گاڑیاں برسوں سے دھول مٹی اور زنگ کھاتے ہوئے ایک دوسرے پر چڑھی پڑی ہیں۔ یہ منظر نہ صرف بدصورتی کا باعث ہے بلکہ یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ جب شہر کی خوبصورتی پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں تو پھر راجیو گاندھی چوک کی بنیادی صفائی اور نظم و نسق پر توجہ کیوں نہیں دی جا رہی؟
مقامی افراد کے مطابق یہاں نہ صفائی ہوتی ہے اور نہ ہی ٹریفک پولیس وقت پر کارروائی کرتی ہے۔ دھول، گندگی، بدبو اور پرانی گاڑیوں کا یہ جنگل اس اہم چوک کو کباڑ خانہ میں تبدیل کردیتا ہے جبکہ یہ علاقہ شہر کے مرکزی پوائنٹ میں شمار ہوتا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلائی اوور کے اطراف ایل ای ڈی لائٹس اور خوبصورتی کا کام جاری ہے اور شہر کو منظم شکل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم چوک کے نیچے جمع بھنگار گاڑیوں کے مسئلے پر خاموشی بدستور برقرار ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ فوری خصوصی مہم چلا کر تمام بھنگار گاڑیاں ہٹائی جائیں، چوک کی مکمل صفائی کی جائے اور اس مقام کو بھی سوچھ بھارت مشن کے دائرے میں شامل کیا جائے تاکہ شہر کی اصل صورتِ حال بہتر ہو سکے۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر (ٹریفک) شرد اوھوال کا کہنا ہے کہ ’’ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی ہر سال یا ۲؍ سال میں کی جاتی ہے۔ یہاں موجود گاڑیوں کی بھی جلد نیلامی کی جائے گی۔‘‘