Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : ایس ٹی بس اسٹینڈ کا جدید تعمیراتی منصوبہ منظور

Updated: May 28, 2025, 4:39 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مسافروں کو بہتر سہولیات ملنے کی امید،اس منصوبہ کےلئے ٹینڈر نکالنے کا عمل جاری۔

File photo of Bhiwandi ST bus stand. Photo: INN
بھیونڈی ایس ٹی بس اسٹینڈ کی فائل فوٹو. تصویر: آئی این این

طویل عرصے سے  بھیونڈی ایس ٹی بس اسٹینڈ کی خستہ حالی شہریوں کے لئے ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی تھی۔ بارش میں چھتوں کا ٹپکنا، بیٹھنے کی ناکافی سہولت، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور ناقص صفائی نے مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا تھا۔ مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگھلے نے ایس ٹی بس اسٹینڈ کا دورہ کرکے بتایا کہ اب یہ تمام مسائل ماضی کا قصہ بننے جا رہے ہیں کیونکہ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ایم ایس آر ٹی سی) نے اسٹینڈ کی مکمل تعمیر نو کے لئے نجی شراکت داری (پی پی پی ) ماڈل کے تحت منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
  مہیش چوگھلے نے بتایا کہ منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے اور آئندہ ماہ کے اندر متعلقہ ٹھیکیدار کا انتخاب کیا جائے گا۔ رکن اسمبلی نے مجوزہ تعمیراتی مقام کا دورہ کر کے منصوبے کے خدوخال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بس اسٹینڈ کے منیجر عمران پٹیل، بی جے پی کے مقامی صدر روی ساونت اور دیگر مقامی رہنما  ان کے ہمراہ تھے۔ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے رکن اسمبلی نے بتایا کہ مجموعی طور پر ۱۰؍ہزار ۸۶۰؍مربع میٹر رقبے پر جدید طرز کا بس اسٹینڈ تعمیر کیا جائے گا۔ مجوزہ منصوبے میں جدید سہولیات سے آراستہ بس ٹرمینل، آرام گاہ (ریسٹ ہاؤس)، فوڈ کورٹ اور بس ورکشاپ شامل ہیں۔ان کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف بھیونڈی کے ہزاروں روزمرہ کے مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرے گا بلکہ شہر کی مجموعی ٹرانسپورٹ نظام میں انقلاب لے آئے گا۔ جدید سہولیات کی دستیابی سے عوام کو راحت ملے گی اور نجی شراکت داری کی بدولت مقامی روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
 رکن اسمبلی مہیش چوگلے نے اس بات پر زور دیا کہ پوری ٹینڈرنگ اور تعمیری کارروائی شفاف اور وقت مقررہ پر مکمل کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک انفرا اسٹرکچر پروجیکٹ نہیں بلکہ بھیونڈی کے شہریوں کے اعتماد، فلاح اور ترقی کی علامت بنے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK