آسٹریلیا کی پہلی با حجاب سینیٹر فاطمہ پیمان نے شکایت درج کرائی، کہا کہ ایک سینیٹرنے انہیں `شراب پینے، رقص کرنے کو کہا ۔
EPAPER
Updated: May 29, 2025, 10:10 PM IST | Canberra
آسٹریلیا کی پہلی با حجاب سینیٹر فاطمہ پیمان نے شکایت درج کرائی، کہا کہ ایک سینیٹرنے انہیں `شراب پینے، رقص کرنے کو کہا ۔
آسٹریلیا کی پہلی با حجاب سینیٹر فاطمہ پیمان نے پارلیمانی ورک پلیس سپورٹ سروس میں ایک رسمی شکایت درج کرائی ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ پارلیمانی تقریب کے دوران ایک سینئر مرد ساتھی نے ان کے ساتھ نسلی طور پر حساسیت سے خالی اور جنسی اشاروں سے بھرپور تبصرے کیے۔ پیمان جو افغانستان میں پیدا ہوئیں اور پناہ گزین کے طور پر آسٹریلیا آئیں، نے اس واقعے کو ’’انتہائی نامناسب‘‘ قرار دیا اور کہا کہ انہیں اپنے مسلم عقیدے اور ثقافتی پس منظر کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ اے بی سی کے ٹرپل جے ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے، سینیٹر نے نامعلوم ساتھی کا ذکر کیا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ اس وقت خاصا نشے میں تھا، جس نے ان سے کہا کہ ’’ تم بھی کچھ شراب پیو اور تمہیں میز پر ڈانس کرتے دیکھوں۔‘‘ پیمان جو مذہبی وجوہات کی بنا پر شراب نوشی نہیں کرتیں، نے کہا کہ انہوں نے فوری طور پر جواب دیا اور ایک واضح حد قائم کی۔ اور پھر رسمی شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا۔ سینیٹر نے کہا کہ ان تبصروں نے انہیں ایک پیشہ ورانہ ماحول میں ’’الگ تھلگ‘‘ اور تنہا محسوس کرایا جہاں شراب نوشی عام ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں شراب نہیں پیتی اور صرف اس لیے تنہا محسوس نہیں کرنا چاہتی کہ دوسرے پیتے ہیں۔ یہ یقیناً مناسب نہیں تھا۔‘‘ انہوں نے خاص طور پر ایک ایسے کام کی جگہ پر اپنی بات کھل کر کہنے کی اہمیت پر زور دیا جو اب بھی اپنی ثقافت سے نبرد آزما ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مالی معاہدوں کو منسوخ کرنے کی کوشش پر ٹرمپ کے خلاف ہارورڈ کے طلبہ کا احتجاج
یہ شکایت سپورٹ سسٹم کو جمع کرائی گئی، جو۲۰۲۱ء کے برٹنی ہگنس معاملے کے بعد قائم کی گئی ایک آزاد نگران ادارہ ہے، جس نے آسٹریلیائی پارلیمانی کام کی جگہوں پر بدسلوکی، دھونس جمانے اور شراب نوشی کی ثقافت کے وسیع مسائل کو بے نقاب کیا تھا۔ اگرچہ الزام عائد کردہ ساتھی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، لیکن اس واقعے نے پارلیمانی رویے اور کام کی جگہ کی ثقافت میں مسلسل اصلاحات کی ضرورت پر بحث کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی سفارتخانے کا انتباہ، بلا اجازت کلاس ، تعلیمی پروگرام چھوڑنے پر ویزا منسوخ
واضح رہے کہ پیمان جولائی۲۰۲۲ء میں ویسٹرن آسٹریلیا کے لیے لیبر پارٹی کی سینیٹر کے طور پر منتخب ہوئی تھیں۔ انہوں نے نہ صرف وفاقی پارلیمنٹ میں حجاب پہننے والی پہلی خاتون ہونے کے طور پر بلکہ تنوع اور شمولیت پر ان کی صاف گو وکالت کیلئے بھی سرخیاں بنائیں۔ انہوں نے جولائی۲۰۲۴ء میں لیبر پارٹی چھوڑ دی، جس کی وجہ غزہ تنازع پر پارٹی کا موقف تھا۔ ایک آزاد رکن کے طور پر مختصر عرصے کے بعد، وہ اکتوبر۲۰۲۴ء میں ترقی پسند آسٹریلیا وائس پارٹی میں شامل ہو گئیں، جہاں وہ اب پارٹی کی وِپ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ لیبر پارٹی چھوڑنے کے بعد سے، پیمان انسانی حقوق، خاص طور پر فلسطینی مسائل پر صاف گو رہی ہیں اور خواتین اور ثقافتی طور پر متنوع پارلیمنٹیرین کے ساتھ عزت دارانہ سلوک یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کی مضبوط وکالت کر رہی ہیں۔