شہر میں بڑھتے نشہ آور دھندوں اور مجرمانہ سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار، سخت کارروائی کا مطالبہ، ڈی سی پی ششی کانت بوراڈے کی کارروائی کی یقین دہانی۔
EPAPER
Updated: August 08, 2025, 7:31 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
شہر میں بڑھتے نشہ آور دھندوں اور مجرمانہ سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار، سخت کارروائی کا مطالبہ، ڈی سی پی ششی کانت بوراڈے کی کارروائی کی یقین دہانی۔
شہر و مضافات میں منشیات کے بڑھتے ہوئے غیر قانونی کاروبار اور جرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی رکنِ پارلیمنٹ سریش مہاترے( بالیا ماما) نے ڈی سی پی ششی کانت بوراڈے سے خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے شہری و دیہی علاقوں میں گٹکھا، چرس، گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کے دھندے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سریش مہاترے نے کہا کہ بھیونڈی میں نوجوانوں کا مستقبل نشے کے زہر سے تباہ ہورہا ہے اور اس رجحان پر قابو پانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
رکنِ پارلیمنٹ سریش مہاترے نے میڈیا کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ شہر اور اطراف کے علاقوں میں گٹکھا، چرس، گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کا دھندہ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے جس کے باعث نہ صرف نوجوان نسل نشے کی لت میں مبتلا ہو رہی ہے بلکہ قتل، چوری، نقب زنی اور خواتین سے منگل سوتر چھیننے جیسے جرائم میں بھی روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ اگر فوری اور سخت قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والے دنوں میں حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی : کارپوریشن نے کلیان روڈ ا وردیگر اہم راستوں سے غیر قانونی قبضہ ہٹایا
انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے نوجوانوں میں ذہنی دباؤ، جسمانی بیماریاں، تعلیمی ناکامی، خاندانوں کی بربادی اور جرائم کی طرف جھکاؤ جیسے سنگین نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس سے نہ صرف فرد بلکہ پورے سماج کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ڈی سی پی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بھیونڈی میں غیر قانونی منشیات اور جرائم کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور پولیس ہر ممکن کوشش کرے گی کہ شہر کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔ رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عوام، مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر ایسے غیر قانونی دھندوں کے خلاف مہم چلاتے رہیں گے تاکہ بھیونڈی کو ایک محفوظ، پرامن اور نشہ سے پاک شہر بنایا جا سکے۔