Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلورو میں ویمنز ورلڈ کپ کے میچوں پرخطرے کے بادل

Updated: August 08, 2025, 10:08 PM IST | Bengaluru

کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کو کرناٹک حکومت سے منظوری نہیں ملی، بنگلورو میں ۴؍ میچ کھیلے جائیں گے۔یہاں کھیلے جانے والے میچوں میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی میچ کے ساتھ ساتھ ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے۔

South Africa`s players. Photo:INN
جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ۲۰۲۵ء  ہندوستان  اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جانا ہے۔ ٹورنامنٹ ۳۰؍ستمبر ۲۰۲۵ءسے شروع ہوگا اور فائنل میچ۲؍ نومبر کو کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بنگلورو میں کھیلا جانا ہے۔ تاہم اس میچ پر بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (کے ایس سی اے) کو ابھی تک کرناٹک حکومت سے اس اسٹیڈیم میں ان میچوں کے انعقاد کی منظوری نہیں ملی ہے۔ یہاں کھیلے جانے والے میچوں میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی میچ کے ساتھ ساتھ ایک سیمی فائنل بھی شامل ہے۔
بنگلورو میں بھگدڑ کی وجہ سے حال ہی میں چناسوامی اسٹیڈیم میں بڑے پروگرامس کی میزبانی پر سنگین سوالات اٹھائے گئے تھے۔ اس سال جون میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی آئی پی ایل جیت کے جشن کے دوران اسٹیڈیم کے ارد گرد بھگدڑ نے  سیکوریٹی انتظامات پر سوالات اٹھائے تھے۔ اس حادثے میں۱۱؍ افراد ہلاک اور۵۰؍ سے زائد زخمی ہو گئے۔ اسی وقتکرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن  کو مہاراجہ ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ بنگلورو سے میسور منتقل کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیئے:کیا چنئی سپر کنگز اور آر اشون کے درمیان فاصلہ بڑھ رہاہے
۵؍مقامات پر۲۸؍ لیگ میچ کھیلے جائیں گے
 اس ٹورنامنٹ میں۲۸؍ لیگ میچ اور ۳؍ ناک آؤٹ میچ ۵؍ مقامات بنگلورو، اندور، گوہاٹی، وشاکھاپٹنم اور کولمبو پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی پہلا سیمی فائنل۲۹؍ اکتوبر ۲۰۲۵ءکو گوہاٹی یا کولمبو میں ہوگا (پاکستان کی آمد پر منحصر ہے) اور دوسرا سیمی فائنل ۳۰؍ اکتوبر کو بنگلورو میں ہوگا۔ فائنل ۲؍ نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے تمام میچ سری لنکا میں ہائبرڈ ماڈل پر کھیلے جائیں گے
پاکستان کے تمام میچ ہائبرڈ ماڈل پر سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)  کے درمیان ہونے والے ہائبرڈ معاہدے کے مطابق پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچ نیوٹرل وینیو کولمبو میں کھیلے گی۔ ان میں بنگلہ دیش (۲؍ اکتوبر)، انگلینڈ (۱۵؍ اکتوبر)، نیوزی لینڈ (۱۸؍ اکتوبر)، جنوبی افریقہ (۲۱؍ اکتوبر) اور سری لنکا (۲۴؍ اکتوبر) کے خلاف میچ شامل ہیں۔
 ۲۰۲۵ء کے ٹورنامنٹ کا فارمیٹ۲۰۲۲ء جیسا ہو گا
۲۰۲۵ء کے ٹورنامنٹ کا فارمیٹ۲۰۲۲ء جیسا ہو گا، جس میں ۸؍ ٹیمیں ایک دوسرے سے راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلیں گی اور ٹاپ ۴؍ ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ میزبان ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے براہ راست کوالیفائی کیا تھا۔ اس سال کے شروع میں لاہور میں ہونے والے کوالیفائرس میں پاکستان اور بنگلہ دیش نے آخری ۲؍ مقامات حاصل کئے تھے۔ ویسٹ انڈیز ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہے، وہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر کوالیفائر میں بنگلہ دیش سے پیچھے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK