کرکٹ بیٹ بنانے کا کارخانہ، ۵؍ مکانات اور۶؍ دکانیں خاکستر،لاکھوں کا نقصان۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 11:43 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
کرکٹ بیٹ بنانے کا کارخانہ، ۵؍ مکانات اور۶؍ دکانیں خاکستر،لاکھوں کا نقصان۔
یہاں دیوالی کے موقع پر آگ لگنے کے واقعات نے خوف و تشویش کی فضا پیدا کردی ہے۔ پٹاخوں کی چنگاری، دیوں اور شارٹ سرکٹ سے شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، جن میں کرکٹ بیٹ بنانے کا کارخانہ، ۵؍ مکانات اور ۶؍ دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ ان واقعات میں لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ آگ لگنے کے ان واقعات کا سلسلہ آج بھی جاری رہا اور انجور پھاٹا کے دھارا مارکیٹ کی دوسری منزل پر بھی آگ بھڑک اٹھی۔ مسلسل پیش آنے والے ان حادثات نے شہر کے تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں میں فائر سیفٹی انتظامات پر سوال کھڑے کردیئے ہیں۔ راحت کی بات یہ رہی کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
آتشزدگی کا پہلا واقعہ کامت گھر کے اوسوال واڑی میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر پٹاخے سے نکلی چنگاری کرکٹ بیٹ بنانے والے کارخانے تک جا پہنچی۔ آتش گیر سامان کی موجودگی کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بھیانک شکل اختیار کرلی۔ کارخانے میں موجود مشینری، لکڑی اور تیار بیٹ جل کر تباہ ہوگئے۔ آگ قریب کے منڈپ ڈیکوریشن گودام تک بھی پہنچنے لگی تھی، تاہم مقامی لوگوں نے بروقت وہاں رکھا سامان باہر نکال لیا۔ فائر بریگیڈ نے تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔
دوسرا واقعہ غوری پاڑہ میں پیش آیا، جہاں کباڑ کے گودام میں لگی آگ پھیل کر قریب کی چال کی پہلی منزل تک پہنچ گئی۔ اس کی زد میں آکر ۵؍ کمرے جل گئے۔ ۳؍ کمرے خالی تھے جبکہ دیگر ۲؍ کمروں میں رہنے والے خاندانوں کو مقامی لوگوں نے فوری طور پر باہر نکال لیا جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈونگری: پٹاخے سے بھیانک آتشزدگی، سیکڑوں کارخانے اور گالے خاکستر
کامت گھر کے گنیش نگر میں تیسری واردات پیش آئی، جہاں لکشمی پوجن کے بعد مبینہ طور پر بیگ کی دکان میں جلائے گئے دیے سے آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ دکان میں رکھے بیگ اور دیگر سامان آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی لوگوں نے آگ کو کافی حد تک قابو میں کرلیا تھا۔
چوتھا واقعہ کاپ آلی میں پیش آیا جہاں بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ سے لگی آگ نے ایک کے بعد ایک۶؍ دکانوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ متاثرہ دکانوں میں کولر، ایل ای ڈی ڈیکوریشن لائٹس، گلاب جامن، چپل اور کپڑوں کی دکانیں شامل تھیں۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی ۳؍ گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور تقریباً ۲؍ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔
شہر میں آتشزدگی کے ان واقعات کے بعد پیر کے روز انجور پھاٹا کے دھارا مارکیٹ کی دوسری منزل پر بھی آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ ایک کے بعد ایک تجارتی مراکز میں آگ لگنے سے تاجروں میں تشویش بڑھ گئی۔ اس تازہ واقعے میں آگ لگنے کی وجہ، نقصان اور فائر بریگیڈ کی کارروائی کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
دیوالی کے بعد مسلسل پیش آنے والے یہ واقعات محض اتفاق نہیں بلکہ بازاروں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں آگ سے تحفظ کے انتظامات کا جائزہ لینے کی ضرورت کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں۔ خاص طور پر جہاں لکڑی، پلاسٹک، کپڑے اور دیگر آتش گیر سامان بڑی مقدار میں رکھا جاتا ہے، وہاں برقی نظام، فائر سیفٹی آلات اور ہنگامی راستوں کی جانچ ناگزیر ہے۔ جانی نقصان نہ ہونا یقیناً اطمینان کی بات ہے، لیکن بار بار آگ لگنے کے واقعات نے شہری انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کیلئے حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا پیغام دیا ہے۔