ممبئی کو پانی کے بحران سےبچانےکیلئے بی ایم سی نے مہاراشٹر کے ذخائر سے اضافی پانی کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 11:57 AM IST | Agency | Mumbai
ممبئی کو پانی کے بحران سےبچانےکیلئے بی ایم سی نے مہاراشٹر کے ذخائر سے اضافی پانی کا مطالبہ کیا۔
ایل نینو کے شدید اثرات کے پیش نظر برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے باضابطہ طور پر مہاراشٹر کی ریاستی حکومت سے رابطہ کیا ہے، جس میں ملک کے مالیاتی دارالحکومت میں پانی کی فراہمی کے بڑے بحران کو روکنے کے لئے بھاتسا اور اپر ویترنا ڈیم کے ذخائر سے ہنگامی طور پر اضافی پانی چھوڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔
میونسپل حکام کے مطابق ریاستی حکومت نے شہری ادارے کے ریاستی کوٹے سے پانی کی مختص مقدار میں ۱۰؍سے ۲۰؍فی صد اضافے کے مطالبے کا مثبت جواب دیا ہے۔ مہاراشٹر میں خشک سالی کے حالات عام طور پر دیہی علاقوں کو متاثر کرتے ہیں لیکن اس سال ایل نینو کی وجہ سے ہونے والی بے ترتیب بارش نے شہری علاقوں کو بھی بحران میں ڈال دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان: اونچی آواز والے پٹاخے پھوڑنے پر کیس درج
ممبئی کو پانی فراہم کرنے والے ۷؍ آبی ذخائر بھاتسا، اپر ویترنا، مڈل ویترنا، تانسا، مودک ساگر، وہار اور تلسی میں پانی کا کُل ذخیرہ ۸۲؍فی صد تک گر گیا ہے۔ یہ پچھلے برس کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے، جب ۲۰۲۴ء میں کُل ذخیرہ ۹۱ء۸۰؍فی صد اور ۲۰۲۵ء میں ۸۵؍فی صد تھا۔
اگلا مانسون جون کے وسط تک پہنچنے کی توقع ہے، اس لئے شہری حکام کو تقسیم کے انتظام کے لئے ساڑھے ۷؍ ماہ تک خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ ممبئی کو ہر روز تقریباً ۴۱۰۰؍ملین لیٹر (ایم ایل ڈی) پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام طور پر یکم اکتوبر تک کُل۱۴۴۷۳۶۳؍ ملین لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ اگلے جولائی تک پورے سال بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔امسال پانی میں کافی کمی بتائی گئی ہے۔