حاجی قاسم چال میں آگ کی اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ کے قریب ہونے پر بھی دیر سے پہنچنے اور آگ بجھانے کیلئے پانی کی کمی کی شکایات ۔حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی نوجوانوں نے متاثرین کی مدد کی۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 11:38 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
حاجی قاسم چال میں آگ کی اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ کے قریب ہونے پر بھی دیر سے پہنچنے اور آگ بجھانے کیلئے پانی کی کمی کی شکایات ۔حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مقامی نوجوانوں نے متاثرین کی مدد کی۔
اتوار کی شب میں ڈونگری کے ڈاکٹر مہیشوری روڈ پر واقع حاجی قاسم چال میں مبینہ طورپرپٹاخے کے سبب بھیانک آگ لگ گئی جس کی زد میں آکر سیکڑوں کارخانے اور گالے خاکستر ہوگئے۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ ، پولیس اور بی ایم سی حکام نے جائے وقوع پرپہنچ کرآگ بجھانےکی کوشش کی۔ جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کے دیر سے پہنچنے اور آگ بجھانے کیلئے پانی کی کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
اطلاع کےمطابق ابتدائی طور پر آگ دتا مندر کے قریب واقع چال کے ایک گیراج میں لگی تھی۔ فائربریگیڈ نے ابتدائی طور پر رات ۹؍بجکر ۵۸؍ منٹ پر لیول ون فائر اور رات ۱۰؍بجکر ۱۰؍منٹ پر لیو ۲؍ کا اعلان کیا تھا۔بی ایم سی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق آگ رات ۹؍بجکر ۷؍منٹ پر لگی تھی۔ فائربریگیڈ کے مطابق جیسے جیسے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی، آگ پھیلتی گئی۔ ۹؍ گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایاگیا۔ پولیس کے مطابق ڈونگری پر آگ لگنے کی صحیح وجہ سامنے آنے کے بعد قصوروار پر کارروائی کی جائے گی۔ آگ کی زد میں آنے سے کئی دکانیں اور جھوپڑیاں بھی جل گئیں ۔ شہری انتظامیہ کے مطابق آگ بجلی کے تاروں اور تنصیبات، لکڑی کے فرنیچر، ایل پی جی سلنڈر، کیمیکل ڈرم اور ترپال کی چادروں تک پھیل گئی تھی جس پر قابو پانے کیلئےفائر فائٹرز نے رات بھر محنت کی۔ ۹؍ گھنٹے سے زیادہ کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
حاجی قاسم چال کے تاجر ریاض الدین شیخ نے بتایا کہ ’’ یہاں میرے ۲؍گالے ہیں۔ ایک میں گیراج دوسرے میں ریڈی میڈ گارمنٹ کا کام ہوتا ہے ۔ ایک ہزارمربع فٹ کے گالے جل کر خاک ہوگئے ہیں ۔ یہ تواچھا ہوا کہ گیراج میں جو گاڑیاں کھڑی تھیں ،انہیں باہر نکال لیا گیاتھا ورنہ بہت بڑا مالی نقصان ہوتا جبکہ ریڈی میڈگارمنٹ والے گالے میں لاکھوں روپے کاکپڑا تھا ، جوجل کر تباہ ہوگیا ۔ یہا ں کل ۹۲؍ بڑے گالے ہیں جن میں گیراج، ریڈی میڈگارمنٹ، ٹرانسپورٹ اور اس طرح کے دیگر کاروبار ہوتے ہیں۔ سبھی گالے خاکستر ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
اس کے علاوہ سیکڑوں چھوٹے چھوٹے کارخانے ہیں جن میں ہزاروں لوگ کام کرتےہیں ، سب کارخانے جل گئے ہیں۔ مجموعی طور پرکافی زیادہ مالی نقصان ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے شکایت کی کہ ’’ فائر بریگیڈ تاخیر سے آیا جس کی وجہ سے آگ پھیل گئی۔ اس دوران یہاں کے مقامی نوجوانوں اور مکینوں نے ہماری بڑی مدد کی ۔ انہوں نے گالوں اور کارخانوں سے مال اور لوگوں کو باہر نکالنے میں مددکی ،علاوہ ازیں فائر بریگیڈ کی سہولت کیلئے راستہ بنانے میں بھی ساتھ دیا۔‘‘
ایس وی پی روڈ کے سماجی کارکن عبدالصمد گرگانی کے مطابق ’’میں نے حاجی قاسم چال کے ایک گالے کے چھپرے پر بچھائی گئی پلاسٹک میں معمولی آگ لگتے دیکھا، حالانکہ چند مقامی نوجوانوںنے اُوپر چڑھ کر آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے آگ کی شدت بڑھنے لگی جس کی وجہ سے وہ آگ نہیں بجھا سکے، بعدازیں آگ بڑھتی گئی لیکن اس وقت تک فائربریگیڈ نہیں پہنچا تھا جس کی وجہ سے آگ بھڑک گئی۔ آتشزدگی کے تقریباً ۴۵؍منٹ بعد پہلا فائر انجن پہنچا۔ ایک تو فائر عملہ تاخیر سے پہنچا دوسرے پانی کی قلت سے آگ بجھانے میں دشواری ہوئی۔ یہ تو اچھا ہوا کہ واڑی بندر کے ٹینکر والوں نے متعدد ٹینکر فراہم کئے جن کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ یہاں گیراج،پلاسٹک، ریتی سیمنٹ، بیٹری، اسپیئر پارٹس، جوتے چپل، ٹرانسپورٹ، ہوٹل اور دیگر کاروبار کئے جاتے ہیں۔ آگ میں سیکڑوں کارخانے اور گالے تباہ ہوگئے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ سے یہاں کی ۴؍متصل عمارتوں کو خالی کرا یا گیا تھا جن کے مکینوں نے پوری رات سڑک پر گزاری۔ ‘‘
رکن اسمبلی امین پٹیل کا واقعہ کی تحقیقات اور متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ
علاقے کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے ایڈیشنل میونسپل کمشنر پراجکتا لوانگرے کو مکتوب روانہ کر کے ڈونگری آتشزدگی کی تحقیقات کرانے اور متاثرین کو معاوضہ دینے کامطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مکتوب میں کہا ہے کہ آگ کو ابتدائی طور پر ’لیول ون ‘قرار دیا گیا تھا جبکہ جہاں آگ لگی تھی،وہاں سے۳؍ فائر اسٹیشن بہت قریب ہیں ، اس کے باوجود پہلے فائر انجن کو جائے وقوع پر پہنچنےمیں تقریباً ۴۵؍ منٹ لگے جس کی وجہ سے آگ کافی پھیل چکی تھی۔اس غفلت کی وجہ سے تقریباً ۵۰۰؍ چھوٹے پیمانے کے صنعتی یونٹس خاکستر ہو گئے اور بہت زیادہ مالی نقصان ہوا۔ ہمارا مطالبہ ہےکہ ا س حادثہ کی تحقیقات کرائی جائے۔ خاص طور پر۳؍ فائر اسٹیشنوں کے قریب ہونے کے باوجود پہلے فائر انجن کی آمد میں ۴۵؍ منٹ کی تاخیر کیوں ہوئی، چیف فائر آفیسر کو فوری طور پر معطل کیا جائے، ۵۰۰؍ متاثرین کو ان کے نقصانات کیلئے مناسب معاوضہ دیا جانا چاہئے۔