• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنشن کیلئے لائف سرٹیفکیٹ کے نام پر معمرشہری سے ۷؍ لاکھ روپے کی دھوکہ بازی

Updated: November 10, 2026, 11:48 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

ملزم نے خود کوبینک کا نمائندہ ظاہر کیا اوران کا اعتماد حاصل کرکے اے پی کے فائل بھیجی تھی۔ پولیس کو ملزم کی تلاش۔

A person can be seen setting off a firecracker on the occasion of Diwali. Photo: INN
دیوالی کے موقع پر ایک شخص پٹاخہ پھوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

موجودہ دور میں ڈیجیٹل سہولیات نے جہاں روزمرہ زندگی کو آسان بنایا ہے وہیں سائبر جرائم پیشہ  افرادبھی سادہ لوح اور معمر شہریوں کو لوٹنے کے نت نئے طریقے اپنا رہے ہیں۔خاص طور پر پنشنر اور بزرگ شہریوں کو ہدف بنا کر کی جانے والی آن لائن دھوکہ بازی میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ایسی ہی ایک واردات کلیان میں پیش آئی ہے جہاں  پنشن کیلئے لائف سرٹیفکیٹ گھر بیٹھےبنوانے کے بہانے ایک ریٹائرڈ شخص کو لاکھوں روپے کا چونا لگا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تیس گاؤں کے رہائشی ۶۲ ؍سالہ پرمود سکھ دیوے ممبئی سے ملازمت سے سبکدوش ہوئے تھے۔نومبر میں پنشن کا سلسلہ بحال رکھنے کیلئے ریٹائرڈ ملازمین کو بینک یا متعلقہ پنشن ڈپارٹمنٹ میں سالانہ لائف سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوتا ہے۔ اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک  جعلساز نے پرمود سکھ دیوے کے موبائل فون پر رابطہ کیا اور خود کو سینٹرل بینک آف انڈیا کے لائف سرٹیفکیٹ اپڈیٹ ڈپارٹمنٹ کا نمائندہ ظاہر کیا۔اس  نے کہا کہ آپ کو اس سرٹیفکیٹ کیلئے بینک جانے کی کوئی ضرورت نہیں، آپ کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے اور ضروری کارروائی کے بعد میں گھر بیٹھے ہی آن لائن سرٹیفکیٹ تیار کر دوں گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: دیوالی کے موقع پر آتشزدگی کے متعدد واقعات

دھوکہ باز  نے ان کا اعتماد جیتنے کیلئے یہاں تک نصیحت کی کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کی معلومات کسی انجان شخص سے شیئر نہ کریں۔ مکمل اعتماد حاصل کرنے کے بعد دھوکہ باز نے وہاٹس ایپ پر بات چیت کے دوران سکھ دیوے کو ایک اے پی کےفائل بھیجی۔ سکھ دیوے نے اس فائل کو کھول کر ملزم کی دی گئی ہدایات کے مطابق اپنی ذاتی اور بینک کی تمام معلومات درج کر دیں۔ کارروائی مکمل ہوتے ہی ملزم نے رابطہ منقطع کر دیا۔اس کے فوراً بعد جب اصل بینک کی جانب سے سکھ دیوے کو فون آیا اور اکاؤنٹ کا جائزہ لینے کو کہا گیا تو ان کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ جعلساز نے محض ۱۰؍ ٹرانزیکشن کے ذریعے ان کے کھاتے سے ۷ لاکھ ۳۷ ؍ ہزار روپے  اڑالئے۔

بینک حکام کی ہدایت پر اکاؤنٹ کو فوری طور پر بلاک کر دیا گیا جس کے بعد پرمود سکھ دیوے نےکولسے واڑی پولیس اسٹیشن پہنچ کر باقاعدہ شکایت درج کرائی۔ پولیس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی  ایکٹ کے تحت کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK