۴۰؍ سے زائد ناجائز تعمیرات زمین بوس،عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئےفوری کارروائی کی ہدایت دی تھی۔
EPAPER
Updated: February 03, 2026, 1:21 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Badlapur
۴۰؍ سے زائد ناجائز تعمیرات زمین بوس،عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئےفوری کارروائی کی ہدایت دی تھی۔
کل گاؤں- بدلاپور میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف میونسپل انتظامیہ نے اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔بامبے ہائی کورٹ کی جانب سے لگائی گئی سخت پھٹکار اور عدالتی احکامات کے بعد میونسپل کونسل کا دستہ بھاری پولیس بندوبست کے ساتھ سڑکوں پر اترا اور شہر کے اہم راستوں پر قائم ۴۰ ؍ سے زائد غیر قانونی ڈھانچوں کو جے سی بی مشینوں کے ذریعے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔
ہائی کورٹ میں دائر ایک رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران بدلاپور میں غیر قانونی تعمیرات کا سنگین معاملہ سامنے آیا تھا۔عدالت نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ کو فوری کارروائی کی ہدایت دی تھی۔میونسپل کونسل نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ شہر میں کل ۴۳۸ ؍غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عدالتی حکم پر گزشتہ سال ۱۸؍نومبر کو ان تعمیرات کی فہرست اخبارات میں مشتہر کی گئی تھی اور مالکان کو خود ہی تجاوزات ہٹانے کی مہلت دی گئی تھی لیکن دو ماہ گزرنے کے بعد بھی جب کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تو انتظامیہ نےبلڈوزر ایکشن کا فیصلہ کیا۔پیر کی صبح بدلاپور مشرق کے کرجت روڈ اور مجوزہ پنویل ہائی وے پر میونسپل انتظامیہ کا عملہ،پولیس اور مہاراشٹر سیکوریٹی فورس کے ۱۰۰ ؍سے زائد اہلکاروں کے ساتھ پہنچا۔ اس کارروائی کی خاص بات یہ رہی کہ اس بار صرف چھوٹے دکانداروں ہی نہیں بلکہ کئی بڑے اور معروف ہوٹل، ڈھابے، ریسٹورنٹ اور گاڑیوں کے شو رومس بھی نشانے پر رہے۔ برسوں سے غیر قانونی عمارتوں میں چلنے والے ان کاروباری مراکز کے خلاف اچانک کارروائی سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی اور کئی دکاندار اپنا سامان بچانے کے لئے تگ و دو کرتے نظر آئے۔کل گاؤں بدلاپور میونسپل کونسل کے چیف آفیسر ماروتی گائیکواڑ نے کہا کہ عدالت کے احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ آج ۴۰؍سے زائد تعمیرات ہٹائی گئی ہیں لیکن یہ صرف شروعات ہے۔ ۴۳۸ ؍غیر قانونی تعمیرات کو مکمل طور پر منہدم کئے جانے تک یہ مہم جاری رہے گی۔