سبھی طرح کے اجازت نامہ کے لئے سنگل ونڈو اسکیم،لائف گارڈس کا ۱۰؍لاکھ روپے کا انشورنس کیا جائیگا
EPAPER
Updated: September 04, 2023, 11:19 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
سبھی طرح کے اجازت نامہ کے لئے سنگل ونڈو اسکیم،لائف گارڈس کا ۱۰؍لاکھ روپے کا انشورنس کیا جائیگا
یہاں گنیش اتسو کیلئے میونسپل کارپوریشن اور پولیس انتظامیہ نے پوری طرح سے تیارہونے کا دعویٰ کیا ہے۔بلدیہ عظمی ٰاور پولیس انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کی پیروی کرتے ہوئے جوش و خروش کے ساتھ تہوار منائیں ۔گنیش اتسو کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں میونسپل کمشنر اجے ویدیہ اور ڈی سی پی نوناتھ دھولے ،عوامی گنیش اتسو منڈل کے صدر مدن بھوئی، ٹورینٹ پاور کمپنی کے افسران ،پولیس ، ٹریفک پولیس کے دیگر اہلکار موجود تھے۔میٹنگ میں میونسپل کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گنیش اتسو کے تہوار کو خوشی اور امن کے ساتھ منانے کیلئے میونسپل اور پولیس انتظامیہ کے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے تعاون کریں ۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر نے کہا کہ عوامی گنیش اتسو کو جوش و خروش کے ساتھ منانے کے لیے جو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہیں وہ سبھی دستیاب کرائی جائیں گی۔ سڑکوں کی مرمت، جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ، صاف صفائی، پانی کی فراہمی، بجلی کی فراہمی اور میڈیکل ٹیم، تجاوزات کو ہٹانا، تمام وسرجن گھاٹوں کی صفائی، ورلا تالاب کے پانی کو صاف کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنا، وسرجن کیلئے کشتیاں ، موٹر بوٹ، لائف سیفٹی گارڈز کی تعیناتی، درختوں کی شاخوں کی کٹائی اور سڑک سے بہنے والے سیوریج کو روکنے کا کام کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وسرجن کے راستوں اور وسرجن گھاٹوں کا معائنہ میونسپل اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ مہامنڈل کے عہدیداروں کے ذریعہ کیا جائے گا۔
میونسپل کمشنر ویدیہ نے مدن بھوئی اورمنڈل کے عہدیداروں کے ساتھ پولیس انتظامیہ کی جانب سے دی گئی اہم اور ضروری ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے گنیش اتسو کے تہوار کو خوشی سے منانے کی اپیل کی ہے۔
میونسپل کمشنر نے کہاکہ حکومت مہاراشٹر کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق گنیش منڈلوں سے کسی طرح کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔یہاں تک کہ گنیش اتسو منڈلوں سے منڈپ کی اجازت کیلئے بھی کوئی رقم نہیں لی جائے گی۔ لیکن تمام گنیش منڈلوں کے لئے ضابطہ کے مطابق اجازت لینا ضروری اور لازمی ہے۔ لوگوں کے سہولیت کیلئے میونسپل کارپوریشن، پولیس اور ٹریفک پولیس کی اجازت کیلئے’ سنگل ونڈو اسکیم‘ شروع کی جائے گی۔ وسرجن میں اہم معاونین لائف گارڈ کو میونسپل کارپوریشن ڈاک کے ذریعے ۳۹۹؍ روپے میں ۱۰؍ لاکھ روپے کے انشورنس کراایا جائے گا۔ نیز انہیں سرٹیفکیٹ بھی دئیے جائیں گے۔
میٹنگ میں ڈی سی پی نوناتھ دھولے نے کہا کہ گنیش اتسو کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنےکیلئے تمام پولیس اسٹیشنوں کو چوکنا رہنا چاہیے۔ پولیس افسران اور میونسپل اہلکار مناسب تال میل بنا کر امن و امان برقرار رکھیں ۔ ڈی سی پی نے افسران سے اپیل کی کہ وہ گنیش اتسو کی آسانی سے تکمیل کے لیے اپنا کردار انتہائی سختی سے ادا کریں ۔ ہر افسر کو اپنی ذمہ داریاں نہایت احتیاط سے ادا کرنی چاہئیں ۔