Inquilab Logo

بھیونڈی:فلائی اوور کی افتتاحی تقریب کے دعوت نامہ سے رکن اسمبلی کا نام غائب

Updated: September 20, 2020, 9:20 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

کارپوریشن پر بی جے پی لیڈران کو بڑھاوا دینے کاالزام

Bhiwandi Flyover - Pic : Inquilab
بھیونڈی فلائی اوور ۔ تصویر : آئی این این

 یہاں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کلیان روڈ پر نوتعمیر شدہ’بالا صاحب ٹھاکرے فلائی اوور‘کے تقریب افتتاح کے دعوت نامے میں مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی کا نام شامل نہ کئے جانے سے ناراض رئیس شیخ نے اسے پروٹوکول کی خلاف ورزی اور مراعات شکنی سے تعبیر کیا ہے۔ رکن اسمبلی کی برہمی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے افتتاحی تقریب ملتوی کرکے مذکورہ تقریب کو ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعہ منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
 کارپوریشن کے اس دعوت نامہ پر شہریوں نے بھی ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ پر بی جے پی لیڈران کو بڑھاوادینے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔فلائی اوور کا یہ تنازع اس وقت مزید پیچیدہ ہوگیا جب سنیچر کومغربی حلقہ کے رکن اسمبلی نے اپنی جانب سے فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔
 موصول اطلاع کے مطابق میئر پرتبھا ولاس پاٹل کے فیس بک پر اپ لوڈ دعوت نامہ کے مطابق کلیان روڈ پر نوتعمیر شدہ فلائی اوور ’بالا صاحب ٹھاکرے فلائی اوور‘کا ای افتتاح وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں ۲۱؍ستمبرکورکھاگیا ہے۔ اس تقریب میں وزیر برائے شہری ترقیات و تعمیرات عامہ ایکناتھ شندے،میئر پرتبھا ولاس پاٹل،میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا،بی جے پی کے رکن پارلیمان کپل پاٹل،مغربی حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی مہیش چوگلے،ڈپٹی میئر کانگریس کے عمران خان کا نام شامل ہے لیکن مشرقی حلقہ میں واقع اس فلائی اوور کے تقریب افتتاح میں مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کا نام شامل نہیں کیا گیاجس پر شہریوں نے میئر کے فیس بک پیچ پر ہی اپنی ناراضگی کااظہار کیا۔
 رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کارپوریشن کے اس اقدام کو مسلم دشمنی ، تعصب اور سیاسی رقابت قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کارپوریشن پر قابض برسراقتدارپارٹی کی ڈور بی جے پی لیڈران کے ہاتھوں میں ہے۔نیز وہ شہری انتظامیہ میں بی جے پی لیڈران کو بڑھاوا دینا چاہتی ہے جسے وہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے اسے مراعات شکنی قرار دیا۔رئیس شیخ نے بتایا کہ حکومت نے اس مراعات شکنی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ  افتتاح کوملتوی کرکے اسے ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعہ منعقد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
 میئر پرتبھا ولاس پاٹل کے شوہر اور ہاؤس لیڈر ولاس پاٹل سے جب ان کے موبائل پر رابطہ قائم کیا گیا توانہوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔ڈپٹی میئر عمران ولی محمدخان نے انقلاب کو بتایا کہ کارپوریشن نے ابھی تک اپنی جانب سے کوئی آفیشیل دعوت نامہ جاری نہیں کیا ہے ۔عمران خان نے میئرسے گفتگو کرکے میئر کا موقف پیش کرتے ہوئے انقلاب کو بتایا کہ ان کے فیس بک پر اپ لوڈ دعوت نامہ کارپوریشن کی جانب سے نہیں بلکہ ان کا ذاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میئرکے مطابق جب رکن اسمبلی آئی جی ایم اسپتال میں کوئی پروگرام کرتے ہیں تو پروٹوکال کے مطابق میئر کو اس تقریب میں مدعوکیا جانا چاہئے  ۔جب رکن اسمبلی نے پروٹوکول فالو نہیں کیا تو انہوں نے بھی اپنے ذاتی دعوت میں پروٹوکول کو نظر انداز کیا۔
مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی نے اپنی جانب سے فلائی اوور کاافتتاح کردیا
فلائی اوور کا یہ تنازع اس وقت مزید پیچیدہ  ہوگیا جب سنیچر کو ۳؍بجے مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی مہیش چوگلے نے اس فلائی اوورکا فیتہ کاٹ کراس فلائی اوور کا افتتاح کردیا ہے۔مہیش چوگلے بھی اس بات سے ناراض تھے کہ تقریب افتتاح کے دعوت نامے میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔ 

میونسپل کمشنر کی وضاحت

  میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے انقلاب کو بتایا کہ ’’یہ دعوت نامہ میونسپل کارپوریشن نے شائع نہیں کروایا ہے ۔اسے کسی سیاسی افراد نے اپنی جانب سے شائع کیا ہے۔ہم نے کوئی بھی دعوت نامہ شائع نہیں کروایا ہے۔اس تقریب کا دعوت نامہ صرف ایم ایم آر ڈی اے ہی شائع کرسکتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK