Inquilab Logo

بھیونڈی:اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کااندیشہ

Updated: September 16, 2020, 8:17 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

آکسیجن سلنڈر کی کمی نہیں ہونے دیں گے:میونسپل کمشنر

Dr Pankaj Ashia
میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا

یہاں آکسیجن سلنڈر سپلائی کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے بھرپور مقدار میں آکسیجن سلنڈر سپلائی نہ کرنے کے سبب اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کمپنیاں اسپتالوں میں آکسیجن سلنڈر سپلائی کرنے والے ٹھیکیداروں کو بڑھے ہوئے نرخ پر بھی مطلوب مقدارمیں آکسیجن فراہم نہیں کر پارہی ہیں۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے شہریوں کویقین دلایا ہے کہ وہ اسپتالوں میں آکسیجن سلنڈر کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ 
 ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق بھیونڈی میں آکسیجن سلنڈر سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار پڑگھا، واڑا، داپوڑا اور نئی ممبئی میں مقیم کمپنیوں سے آکسیجن سلنڈر  لے کر اس کی سپلائی اسپتالوں میں کرتے ہیں۔ شہر کے نجی اسپتالوں میں آکسیجن  سلنڈر سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار سرور شیخ نے بتایا کہ کمپنیوں کے ذریعہ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ آکسیجن سلنڈر کی قلت ہے۔آکسیجن سلنڈر  لانے والے ٹینکر ہی نہیں آرہے ہیںجس کے سبب بھرپور مقدار میں سلنڈر کی سپلائی نہیں ہو پارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آکسیجنسلنڈر کی قلت کے سبب اسپتالوں کو ان کی مانگ کے مطابق سپلائی نہیں ہوپارہا ہے۔
 سرور شیخ کے مطابق ٹھیکیدار بڑھے ہوئے نرخ کے حساب سے بھی آکسیجن سلنڈر لینے کو تیار ہیں تاہم اس کے باوجود بھی انہیں مطلوبہ مقدار میں سلنڈر نہیں مل پارہا ہے۔
  دوسری جانب ذرائع دعویٰ کرتے ہیں کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے  آکسیجن سلنڈر کی سپلائی کرنے والے ٹھیکیداروں کی ادائیگی نہ کرنے کے سب انہوں نے آکسیجن کی سپلائی کو برائے نام کردیا ہے۔ آکسیجن سلنڈر کی قلت اور ادائیگی کے مسئلے پر محکمہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر نتن موکاشی نے بتایا کہ ان کے پاس بڑی مقدار میں آکسیجن کا ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ ادائیگی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے نیز آکسیجن سلنڈر سپلائی کرنے والے ٹھیکیداروں کو جو بھی بقایا ہے وہ  جلد ادا کردیئے جائیں گے۔ اس کیلئے اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ کو ضروری احکامات دیئے جاچکے ہیں۔ 
 اس مسئلے پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے کہا کہ آکسیجن سلنڈر کی قلت ریاستی سطح کا مسئلہ ہے۔شہری مطمئن رہیں ،بھیونڈی میں اس  کے لئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔انہیں آکسیجن سلنڈر کی قلت کا کسی بھی طرح سے سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK