میونسپل کارپوریشن کی ایک اور نجکاری کی تجویز۔ ہوٹلوں، اسپتالوں، شاپنگ مال اور دکانوں سے ماہانہ۶۰۰؍ تا ۲؍ہزار ۴۰۰؍ روپے وصول کرنے کا منصوبہ۔ کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے لیڈران نے مخالفت کی۔
EPAPER
Updated: November 18, 2026, 10:00 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کارپوریشن کی ایک اور نجکاری کی تجویز۔ ہوٹلوں، اسپتالوں، شاپنگ مال اور دکانوں سے ماہانہ۶۰۰؍ تا ۲؍ہزار ۴۰۰؍ روپے وصول کرنے کا منصوبہ۔ کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے لیڈران نے مخالفت کی۔
شہر میں صاف صفائی اور کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانےکے بنیادی انتظامات کو بہتر بنانے میں ناکامی کے درمیان بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن نے اب کوڑاکرکٹ کے انتظام کے نام پر تاجروں اور کاروباری اداروں سے اضافی فیس وصول کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس مقصد کیلئے شہر کے سبھی وارڈوں میں نجی ایجنسیوں کی تقرری کی تجویز تیار کی گئی ہے جس کے تحت ہوٹل، ریسٹورنٹ، ڈھابے، اسپتال، نرسنگ ہوم، تعلیمی ادارے، شادی ہال، شاپنگ مال، سپر مارکیٹ اور دیگر تجارتی اداروں سے روزانہ پیدا ہونے والے کوڑاکرکٹ کی مقدار کے مطابق ہر ماہ۶۰۰؍ سے۲؍ہمار ۴۰۰؍ روپے تک وصول کئے جائیں گے۔ اس طرح متعلقہ اداروں پر سالانہ ۷؍ ہزار ۲۰۰؍ سے۲۸؍ ہزار۸۰۰؍ روپے تک کا اضافی بوجھ پڑسکتا ہے۔
اس منصوبے نے فیس کے تعین کی بنیاد، قانونی منظوری اور اس کے بدلے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے تعلق سے کئی اہم سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ جب شہر میں صاف صفائی اور کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانے کی میونسپل کارپوریشن کی بنیادی ذمہ داری ہے تو کیا اس کے انتظامی مسائل کا بوجھ تاجروں پر ڈالنا مناسب ہے؟میونسپل کمشنر انمول ساگر کی جانب سے تیار کردہ تجویز کے مطابق بھیونڈی میں روزانہ تقریباً۴۵۰؍ سے ۵۰۰؍ میٹرک ٹن کوڑاکرکٹ پیدا ہوتا ہے۔ اس سے جمع کرنے ، نقل و حمل اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے سبھی وارڈوں میں نجی ایجنسیوں کو مقرر کرنے کا منصوبہ ہے۔ مجوزہ شرح کے مطابق روزانہ صفر سے۱۰؍کلو کوڑاکرکٹ پیدا کرنے والے اداروں سے ۶۰۰؍ روپے،۱۰؍ سے۲۰؍کلو پر۱۲۰۰؍ روپے، ۲۰؍ سے۵۰؍ کلو پر۱۸۰۰؍ روپے اور ۵۰؍ سے ۱۰۰؍ کلو کوڑاکرکٹ پر۲؍ہزار ۴۰۰؍ روپے ماہانہ فیس وصول کی جائے گی یعنی کسی کاروباری ادارے میں روزانہ کوڑاکرکٹ کی مقدار جتنی زیادہ ہوگی، اس پر ماہانہ مالی بوجھ بھی اتنا ہی بڑھے گا۔
بڑے اداروں اور اسپتالوں کیلئے الگ انتظام کہاں؟
مجوزہ منصوبے میں روزانہ۵۰؍ سے۱۰۰؍ کلو کوڑاکرکٹ پیدا کرنے والے اداروں تک فیس کی شرح طے کی گئی ہے لیکن۱۰۰؍ کلو یا اس سے زیادہ کوڑاکرکٹ پیدا کرنے والے اداروں کیلئے فیس اور انتظام کی تفصیلات واضح نہیں ہیں۔ نئے ضابطوں کے تحت ایسے ادارے زیادہ کوڑاکرکٹ پیدا کرنے والوں کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کیلئے کوڑاکرکٹ کی علاحدگی اور گیلے کچرے کو اپنی جگہ پر ہی پراسیس کرنے سمیت مخصوص انتظامات ضروری ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح اسپتالوں اور نرسنگ ہوم سے نکلنے والے عام کوڑاکرکٹ اور طبی فضلے کو الگ رکھنا لازمی ہے کیونکہ طبی فضلے کیلئے علاحدہ ضابطے ہیں اور اسے عام کوڑاکرکٹ کے ساتھ جمع نہیں کیا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھئے: توہین ِعدالت: ایک ہی دن میں۴؍ معاملوں پر شنوائی
نجی ایجنسیوں کی تقرری کے باوجود شہر میں کوڑاکرکٹ جمع کرنے، نقل و حمل،صاف صفائی اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی مجموعی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن ہی کی رہے گی۔ لہٰذا ایجنسیوں کو کام سونپنے سے پہلے کارپوریشن کو اپنی صاف صفائی کے موجودہ نظام ، دستیاب گاڑیوں، عملے، کچرا پراسیسنگ کی صلاحیت اور اس مد میں ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی واضح کرنی چاہئیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی طے ہونا چاہئے کہ فیس ادا کرنے کے باوجود اگر کسی دکان یا ادارے سےکوڑاکرکٹ باقاعدگی سے نہیں اٹھایا جاتا یا صاف صفائی میں لاپروائی برتی جاتی ہے تو شکایت کا ازالہ کون کرے گا اور متعلقہ ایجنسی کے خلاف کیا کارروائی ہوگی؟
’’ تو پھر میونسپل کارپوریشن کا کیا جواز رہ جاتا ہے؟‘‘
اس بارے میں سماجوادی پارٹی کے سابق شہر صدر اور پارٹی کے موجودہ مہاراشٹر پردیش سیکریٹری انس انصاری نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن پر قابض ٹولہ ایک ایک کرکے شہری انتظامیہ کے شعبوں کو نجی ہاتھوں میں سونپنے پر تلا ہوا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ پورے شہر کو پرائیویٹ اداروں کے حوالے کرنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ سیاستداں شہر کو فروخت کرنے کے در پر ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب صاف صفائی اور کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانا کارپوریشن کی بنیادی ذمہ داری ہے تو اس کی ناکامیوں کا بوجھ تاجروں پر ڈال کر اضافی فیس کیوں وصول کی جارہی ہے؟ اگر تمام شعبے نجی ہاتھوں میں سونپنے ہیں تو پھر میونسپل کارپوریشن کا کیا جواز رہ جاتا ہے؟ انہوں نے نجکاری کی اس تجویز کو فوراً واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
’’یہ دوہری وصولی کے مترادف ہے‘‘
کانگریس کے کارپوریٹر شکیل انصاری پاپا نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن پہلے ہی زیرو گاربیج پروجیکٹ کے تحت کوڑاکرکٹ کے انتظام کا ٹھیکہ دے چکی ہے جبکہ گھر پٹی کے تحت گھریلو کوراکرکٹ کی وصولی بھی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ تجارتی اور صنعتی اداروں سے مل لابھ کر، جل لابھ کر اور دیگر ٹیکس اور چارجز بھی وصول کئے جارہے ہیں۔ ایسے میں کوڑاکرکٹ کے انتظام کے نام پر الگ سے ماہانہ فیس عائد کرنا دوہری وصولی کے مترادف ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب کارپوریشن مختلف مدوں میں پہلے ہی رقم وصول کررہی ہے تو تاجروں اور صنعتکاروں پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا کیا جواز ہے؟ انہوں نے مزیدکہا کہ جنرل باڈی میٹنگ میں مجوزہ فیس کی مخالفت کریں گے اور اسے واپس لینے کا مطالبہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔