Updated: November 18, 2026, 10:01 AM IST
| New Delhi
حال ہی میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایس آئی آر کے عمل کے دوران بالخصوص ہندو ووٹروں کے حذف کئے گئےہیں۔ حالانکہ یوپی کے چیف الیکٹورل آفیسر نے ان کے اس دعوے کی تردید کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے ڈیٹا بیس میں ایسی کوئی معلومات موجود نہیں ہوتی جس سے ووٹرکا مذہب ظاہر ہو۔ یوگی کے اس بیان سے یوپی کی سیاست تیز ہوگئی ہے۔
اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ۔ تصویر: آئی این این۔
اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) نودیپ رنوا نے منگل کوکہا کہ ریاست کی ووٹر لسٹوں میں ووٹروں کے مذہب یا ذات سے متعلق کوئی معلومات درج نہیں ہوتیں، جس کے باعث مذہبی بنیادوں پر ووٹروں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ان کی یہ وضاحت ایک ایسے سیاسی تنازعے کے درمیان سامنے آئی ہے جب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایس آئی آرکے عمل کے بعد ریاست کی فہرستوں سے ۱ء۲۷؍ کروڑ ہندو ووٹر غائب ہیں۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نودیپ رنوا نے بتایا کہ ووٹر ڈیٹا بیس میں صرف نام، عمر یا تاریخِ پیدائش، جنس، مکان نمبر اور رشتہ داروں کے نام و رشتے جیسی تفصیلات درج ہوتی ہیں۔ اس میں مذہبی یا ذات پات کی شناخت کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا جاتا۔
یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر پر ۴۸؍ سوال،اپوزیشن سپریم کورٹ پہنچا
رنوا نے کہا، ’’ہمارے ڈیٹا بیس میں مذہب، ذات یا اس نوعیت کی کسی بھی دوسری تفصیل کے بارے میں معلومات موجود نہیں ہیں، اس لئے ہماری ووٹر لسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے ان عوامل کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا تجزیہ کرنا ہمارے لئےناممکن ہے۔‘‘ اس سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ نظرثانی کے بعد مسلم ووٹروں کی آبادی میں ۱ء۶۵؍ فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ بڑی تعداد میں ہندو ووٹر فہرستوں سے غائب ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سرکاری فلاحی اسکیموں سے مستفید ہونے والے تقریباً ۵۵؍ لاکھ ہندو اور ۱۸؍ سے ۱۹؍ سال کی عمر کے تقریباً ۴ء۵؍ لاکھ ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا تھا کہ ان کی حکومت نے ان مبینہ کوتاہیوں کی وضاحت طلب کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ہے۔تاہم، نودیپ رنوا نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کا اشارہ فہرستوں میں ناموں کے شامل نہ ہونے کی طرف تھا، نہ کہ انتخابی حکام کی جانب سے جان بوجھ کر ووٹروں کے نام کاٹے جانے کی طرف۔رنوا نے بتایا کہ ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل منگل کو شائع ہونے والی اتر پردیش کی مسودہ ووٹر لسٹ (ڈرافٹ رول) میں تقریباً ۱۳ء۵۸؍ کروڑ ووٹر شامل ہیں، جن میں ۶ء۲۰؍ کروڑ خواتین ہیں۔ یہ تازہ ترین فہرست اپریل میں شائع ہونے والے ایس آئی آر کے نتائج کے بعد کئے گئے ایس ایس آر کے مقابلے میں ۱۸؍ لاکھ سے زائد ووٹروں کے اضافے کو ظاہر کرتاہے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی میں سونیا گاندھی کی خود نوشت کا باضابطہ اجراء، اپوزیشن لیڈروں کی شرکت
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں ۱۸؍ سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی تخمینی آبادی ۱۶؍ سے ۱۷؍ کروڑ ہے، جبکہ تقریباً ۲ء۵۸؍ کروڑ اہل شہری فی الحال ووٹر لسٹوں میں شامل نہیں ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے یہ بھی بتایا کہ حکام نے نظرثانی کے عمل کے دوران بڑی تعداد میں ڈپلیکیٹ (دوہرے) اندراجات کی نشاندہی کر کے انہیں حذف کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پہلے کسی ووٹر کا نام شامل کرنے کے عمل میں تین سے چار ماہ لگ جاتے تھے، جس کی وجہ سے بعض اوقات دوہرا اندراج ہو جاتا تھا۔ رنوا کے مطابق، اب جدید ڈجیٹل نظام کی بدولت جب بی ایل اوز متعلقہ فارم جمع کراتے ہیں تو دوہرے اندراجات کی فوری نشاندہی ہو جاتی ہے، جس سے حکام کو انہیں ہٹانے میں آسانی ہوتی ہے۔ انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کمیشن کے پورٹل سے ووٹر لسٹ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی تفصیلات چیک کریںاور اگر کسی کو کوئی خامی یا غلطی نظر آئے تو وہ حکام کے پاس شکایت درج کرا سکتا ہے۔دریں اثنا، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یوگی آدتیہ ناتھ پر ووٹروں کے نام مبینہ طور پر کاٹے جانے کے حوالے سے افواہیں پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے، جس سے ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے گرد جاری سیاسی تنازع مزید بڑھ گیا ہے۔