• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

توہین ِعدالت: ایک ہی دن میں۴؍ معاملوں پر شنوائی

Updated: November 18, 2026, 9:25 AM IST | Agency | New Delhi

چیف جسٹس سے بدزبانی اورانہیں عہدہ کیلئے نااہل کہنے والے وکیل کےخلاف پٹیشن۔ سنجے راؤت کومعافی مانگنے کے باوجود عدالت میں پیش ہونا پڑا، کئی تنقیدی پیغامات کا حوالہ۔ کیجریوال اور ’آپ‘ کے دیگر لیڈروں کو دہلی ہائی کورٹ نےنوٹس کا جواب دینے کا آخری موقع دیا۔ ابھیشیک بینرجی کوکلکتہ ہائی کورٹ کانوٹس لیکن ٹی ایم سی لیڈرموقف پراٹل، پھر تنقید کی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این
سپریم کورٹ نے منگل کو اس عرضی کو  سماعت کیلئے منظور کرلیا جس میں سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن نے چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت سے یہ کہنے والے وکیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی ہے کہ ان میں دیانت داری نہیں ہے اور وہ  ملک کے اعلیٰ ترین عدالتی عہدہ کے اہل نہیں ہیں۔
اس عرضی کو فوری سماعت کیلئے  چیف جسٹس  سوریہ کانت ، جسٹس جوئے مالیا باغچی اور جسٹس وی موہنا کی سہ رکنی بنچ  میں  پیش کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کی سیکریٹری پرگیہ بگھیل اور جوائنٹ سیکریٹری منیش دوبے نے یہ معاملہ بنچ کے سامنے اٹھایا۔انہوں نے بنچ کو بتایا کہ وکیل پروین سنگھل کے خلاف مجرمانہ توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست دائر کرنے کیلئے انہیں اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی کی رضامندی مل گئی ہے۔بنچ نے کہا کہ اس عرضی کو بدھ کی سماعت کیلئے درجِ فہرست  کیا جائے گا۔

شیوسینا(اُدھو) کے رکن پارلیمان سنجے راؤت کو سپریم کورٹ کے خلاف تبصرہ پر معافی مانگ لینے کے باوجود منگل کو عدالت میں حاضر ہونا پڑا۔ کورٹ نے ان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ تجربہ کار سیاستداں اور رکن پارلیمان   ہونے کے ناطے آپ کو الفاظ کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے۔ ‘‘ جسٹس اروند کمار اور جسٹس وپل پنچولی  کی بنچ  نے  راؤت کی معافی پر کہا کہ ایسےسنگین معاملہ میں معافی دل سے ہونی چاہیےرسمی نہیں۔ تاہم  بار اسوسی ایشن کے صدر اور سینئر وکیل پردیپ رائے نے عدالت کو بتایا کہ راوت نے اپنے تبصروں پر معافی تومانگی  لیکن اس کے بعد بھی  انہوں نے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا اورکئی  پوسٹ کئے ۔ انہوں نے البانی کے سپریم کورٹ کی عمارت کو مظاہرین کے ہاتھوں نذر آتش کئے جانے کی تصویر پوسٹ کرنے کا حوالہ دیا اور الزام لگایا کہ اس کے ذریعہ ہندوستانی سپریم کورٹ کے خلاف بالواسطہ پیغام دیا گیا۔راوت کے وکیل نے کہا کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ چکے ہیں۔ 

دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال، منیش سیسودیا اور پارٹی کے  لیڈروں کو توہین عدالت کے معاملے میں جواب داخل کرنے میں تاخیر پر سخت سرزنش کی۔ عدالت نے کہا کہ ’’آپ ہمیں بے وقوف بنا رہے ہیں۔‘‘ بنچ نے انہیں ۳؍ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کہاکہ اس کے بعد وقت نہیں دیا جائے گا۔ یہ کارروائی دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس سورن کانتا شرما کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز تبصرے اور پوسٹ کی پاداش میں شروع کی گئی  ہے۔ 
عام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے آبکاری کیس میں جسٹس شرما  پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے مقدمہ  سے الگ ہونے کی درخواست کی تھی۔  جب وہ الگ نہیں ہوئیں  تو  بعض لیڈروں نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کیا اور جج کے خلاف سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کئے۔جسٹس شرما نے ان پوسٹ کو عدلیہ کی ساکھ کیلئے نقصان پہنچانے کی منظم مہم قرار دیتے ہوئے مئی میں ازخود توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی تھی۔ 
ججوں  کے ایک طبقہ پر بی جےپی نوازی کا الزام عائد کرنے کی پاداش میں منگل کو کلکتہ ہائی کورٹ نے ٹی ایم سی لیڈر ابھیشیک بنرجی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کردی اورانہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا۔ 
دوسری طرف ابھیشیک بنرجی  نے اس کارروائی کے باوجود اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے  منگل کو پھر عدلیہ کی  غیر جانب داری پر سوال اٹھائے اور الزام عائد کیا کہ کچھ جج بی جے پی سے وابستہ لیڈروں کے ساتھ ترجیحی سلوک کرتے ہیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ  کے  نوٹس  پرابھیشیک بنرجی نے سوال کیا کہ انہیں  ہی نوٹس کیوں جاری کیا گیا جبکہ  بی جے پی کے لیڈروں اور آئینی اداروں کے خلاف تبصرہ کرنے والے دیگر افراد کے خلاف ایسی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ’’ہندوستان کے آئین نے مجھے اس ملک کے شہری کی حیثیت سے سوال اٹھانے کا حق دیا ہے۔‘‘  بنرجی نے زور دیا کہ قانون کے تحت سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK