Inquilab Logo

بھیونڈی : آئی جی ایم اسپتال میں مثبت تبدیلی متوقع

Updated: January 16, 2021, 11:57 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ایم پی جے کے وفد کو ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے نے اسپتال میں بہتر سہولیات کی یقین دہانی کروائی

Rajesh Tope
مومنٹ فور پیس اینڈ جسٹس کے وفد نے گزشتہ روز وزیر صحت راجیش ٹوپے سے ملاقات کی تھی۔

اندراگاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کو۲۰۰؍بیڈ کے سول اسپتال میں تبدیل کرنے نیز اسپتال میں پونے کے اسپتال سے ۳؍گائناکولوجسٹ ڈاکٹروں کی فوری تقرری کے قواعد کاآغاز ہوگیا ہے۔اندرا گاندھی اسپتال میں پھیلی بدانتظامی اور بدحالی کو دور کرنے میں تقریباً ۱۰؍برسوں سے مصروف معروف سماجی تنظیم مومنٹ فور پیس اینڈ جسٹس(ایم پی جے) نے  اسپتال میں مثبت تبدیلی کی توقع ظاہر کی ہے۔
 ایم پی جے کے مقامی صدر ڈاکٹر انتخاب شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ ان کی تنظیم ۲۰۱۱ء سے اندرا گاندھی اسپتال میں جاری لوٹ کھسوٹ ،بد عنوانی اور مریضوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے۔اس عرصے میں وہ اسپتال کے مقامی منتظم کے ساتھ تھانے کلکٹر، سول سرجن ، محکمہ صحت کے وزراء اور اعلیٰ افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میںرہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایم پی جے کے اعلیٰ عہدے داروں نے جالنہ میں بھی ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے سے ملاقات کرکے اسپتال میں سہولیات کا فقدان ، بدنظمی، عملے کی لاپرواہی، بدعنوانی اور مریضوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک پر مشتمل پوری فائل انہیں سونپی تھی۔جسے دیکھ کر راجیش ٹوپے نے انہیں جمعرات کو اپنے بنگلے پر ملنے کا وقت دیا تھا۔
 ڈاکٹر انتخاب نے بتایا کہ ہم نے وزیر موصوف سے کہا کہ مہینوں سے اسپتال میں ماہر امراض نسواں نہیں ہیںجس کے سبب شہر اور اطراف کے لاکھوں شہریوں کو شدیددشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔نیز اسپتال میں طبی ساز و سامان کی کمی توہے لیکن جو ہے وہ بھی استعمال میں نہیں لائے جارہے  ہیں۔ اس وجہ سے مریضوں کو غیر ضروری خرچ کرنا پڑرہا ہے۔وزیر راجیش ٹوپے  نے ایم پی جے کے اراکین کو یقین دلایا کہ منترالیہ میں منعقد میٹنگ میں سبھی مسائل کے سدباب کی کوشش کی جائے گی۔جس کےلئے انہیں منترالیہ کی اہم میٹنگ میں بھی مدعوکیا گیا۔
 ڈاکٹر انتخاب نے بتایا کہ راجیش ٹوپے نے اسپتال میں جلد ہی مثبت تبدیلی اور اسپتال کو ۲۰۰؍بیڈ کے سول اسپتال میں تبدیل کرنے کے قواعد کے آغاز کی  یقین دہانی کرائی ہے۔اس کے سبب آئی جی ایم میں شہریوں کو بہتر طبی سہولیات ملنے کی امید ہے۔انہوں نے بتایا کہ ۲۰۱۳ء میں اسپتال کو سول اسپتال کا درجہ تو دے دیا گیا تھا لیکن وہ کسی سبب التواء کا شکار ہوکر رہ گیاجسے دور کرنے کی یقین دہانی وزیر  راجیش ٹوپے نے کرائی ہے۔
 واضح  رہےکہ شہر کے ساتھ دیہاتوں میں رہائش پذیر افرادکو بہتر طبی امداد کے لئے میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام اندرا گاندھی میموریل اسپتال کو ۲۹؍اکتوبر۲۰۱۱ء کو سول اسپتال کا درجہ دینے کے لئے اسے ریاستی حکومت کے سپرد کر دیا تھا۔تاہم اس وقت کے ریاستی وزیر برائے صحت سریش شیٹی نے اسے سول اسپتال کے بجائے سب ڈسٹرکٹ اسپتال کا درجہ دیتے ہوئے یہاں کے لوگوں کو یقین دلایا تھا کہ آئی جی ایم اسپتال میں وہ ساری سہولیات مہیا کرائی جایں گی جو سول اسپتال کو حاصل ہوتی ہیں۔نیزاب مزدوروں، اطراف میں بسے دیہات اور غریب قبائلیوں کو علاج کے لئے ممبئی اور تھانے نہیں جانا پڑے گا۔تاہم آئی جی ایم اسپتال کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال کا درجہ حاصل ہوئے تقریباً۱۰؍برس گزر جانے کے بعد بھی مریضوں کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔یہاں کے ڈاکٹروں اور نرسوںاور اسٹاف پر متعدد مرتبہ لاپرواہی اور لوٹ کھسوٹ کے الزامات بھی عائد ہوتے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK