مرکزی و ریاستی حکومت کے تعاون سے بسیں بھیونڈی، کلیان اور الہاس نگر کو جوڑیں گی، کام جاری اور چارجنگ اسٹیشن تقریباً۳۰؍ فیصد مکمل۔
EPAPER
Updated: October 03, 2025, 11:24 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
مرکزی و ریاستی حکومت کے تعاون سے بسیں بھیونڈی، کلیان اور الہاس نگر کو جوڑیں گی، کام جاری اور چارجنگ اسٹیشن تقریباً۳۰؍ فیصد مکمل۔
مرکزی حکومت کی ’پی ایم ای بس سیوا‘ اسکیم کے تحت بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کو ۱۰۰؍الیکٹرک بسیں مفت فراہم کی جائیں گی۔ یہ بسیں اندرون شہر کے ساتھ ساتھ کلیان اور الہاس نگر کو بھی جوڑیں گی اور شہریوں کے لئے سستی اور ماحول دوست سفر کے نئے مواقع پیدا کریں گی۔میونسپل ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق اس منصوبے میں ۷۵؍ بسیں ۹؍ میٹر لمبی اور۲۵؍ بسیں۱۲؍ میٹر لمبی ہوں گی،یعنی کل۱۰۰؍ بسیں فراہم کی جائیں گی۔چارجنگ اسٹیشن کی تعمیر کے لئے کل۱۴؍ کروڑ۲۷؍ لاکھ روپوں کی لاگت منظور کی گئی ہے۔ منصوبے کے سول ورک کے لئے مرکزی حکومت نے۱۱؍ کروڑ۲۹؍ لاکھ ۸۰؍ہزار روپے (۶۰؍فیصد) اور ریاستی حکومت نے ۷؍کروڑ۵۳؍ لاکھ۲۰؍ ہزار روپے (۴۰؍ فیصد) فراہم کئے ہیں۔اس مد میں کارپوریشن کو اب تک۱۴؍ کروڑ۲۱؍ لاکھ روپے کی رقم موصول ہوچکی ہے۔
منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد شہریوں کو نہ صرف سستی اور محفوظ سفر کی سہولت ملے گی بلکہ شہر میں نجی گاڑیوں کی تعداد کم ہونے اور آلودگی میں کمی کے امکانات بھی روشن ہیں۔ سٹی انجینئر جمیل پٹیل کے مطابق منصوبے پر کام جاری ہے۔ اس کام کا ورک آرڈر ۹؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو جاری ہوا تھا۔ پہلے مرحلے میں چارجنگ اسٹیشن کا کام مکمل کیا جائے گا۔ یہ چارجنگ اسٹیشن نائیگاؤں میں۵؍ ہزار۵۰ء۳۶۲؍ مربع میٹر،ٹیمگھر میں۴؍ ہزار ۲۰ء۴۴۳؍ مربع میٹر اور کومڑ پاڑہ میں۵؍ ہزار مربع میٹر پر تعمیر کیا جارہا ہے جس کا تقریباً۳۰؍ فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔چارجنگ اسٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد الیکٹرک بسوں کی تنصیب اور ۳؍ چارجنگ اسٹیشنوں کو بجلی سے مربوط کرنے کا مرحلہ شروع ہوگا۔ یہ دونوں کام مکمل ہونے کے بعد بس کے روٹس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق اس بس سروس کے ۲۰۲۶ءکے مئی جون تک شروع ہوجانے کی امید ہے۔