میونسپل کارپوریشن نے ۱۰؍سالہ معاہدے کےلئے ٹینڈر جاری کیا۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 11:23 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کارپوریشن نے ۱۰؍سالہ معاہدے کےلئے ٹینڈر جاری کیا۔
شہریوں کو میونسپل کارپوریشن کے اپنے اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کی امید ایک بار پھر نجی انتظام کے منصوبے سے جڑ گئی ہے۔ اندرا گاندھی میموریل (آئی جی ایم) اسپتال کو ۲۹؍ اکتوبر۲۰۱۱ءکو ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کے حوالے کئے جانے کے بعد اب منڈئی میں تعمیر کئے گئے بائی گل بائی پیٹٹ (بی جی پی) اسپتال کو بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت نجی ایجنسی کے ذریعے چلانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت نے ۵؍نومبر کو اس سلسلے میں ٹینڈر بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اسپتال کا انتظام اور دیکھ بھال ۱۰؍ سالکیلئے نجی ادارے کے سپرد کی جائے گی۔ ٹینڈر کی تخمینی لاگت ۴؍کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔
منڈئی علاقے میں پرانے بی جی پی دواخانے کی جگہ جدید اسپتال تعمیر کیا گیا ہے، جس میں ۵۰؍ جنرل بیڈ، ۵؍این آئی سی یو اور ۲؍آئی سی یو بیڈ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ اسپتال کے ذریعے شہر کے شہریوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولت فراہم کرنا مقصود ہے تاہم میونسپل کارپوریشن نے اسے اپنے محکمہ صحت کے ذریعے چلانے کے بجائے نجی ایجنسی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیلئے جاری ٹینڈر میں اسپتال کے انتظام، طبی خدمات اور دیکھ بھال کی ذمہ داریاں نجی ادارے کو سونپنے کی شرائط درج کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیلگوں ساحل کا عالمی خطاب: مہاراشٹر کے تین ساحل شامل
ٹینڈر کی اہم شق کے مطابق فی بیڈ یومیہ مقررہ بنیادی شرح میں ہر ۳؍ سال بعد ۱۵؍ فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ادائیگی اسپتال میں زیر استعمال بیڈ کی تعداد کے حساب سے ہوگی۔ اس کے علاوہ نجی ایجنسی کو ملنے والی رقم میں مریضوں کی دوائیں، طبی جانچ، آپریشن، کھانا، ایمبولنس اور طبی و دیگر عملے کی تنخواہیں شامل ہوں گی۔
طبی سہولتوں کے حوالے سے ٹینڈر میں پہلی لیبارٹری جانچ اور پہلی سونوگرافی مفت فراہم کرنے کی شرط رکھی گئی ہےجبکہ اس کے بعد ہونے والی جانچ اور سونوگرافی کیلئے سی جی ایچ ایس کی مقررہ شرح کے مطابق فیس وصول کی جاسکے گی۔
نجی ایجنسی کی اہلیت کیلئے گزشتہ ۳؍ برسوں میں اوسطاً سالانہ۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار، ۵۰؍ لاکھ روپے کی بینک سالوینسی اور ۲۵۰؍ بیڈ والے اسپتال کے انتظام کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ کی دفعہ ۶۳(۶) کے تحت عوامی اسپتالوں اور دواخانوں کی دیکھ بھال میونسپل کارپوریشن کی لازمی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ بی جی پی اسپتال کے مجوزہ نجی انتظام کے تحت اس کی نگرانی اور طبی خدمات کے معیار کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن پر عائد ہوگی۔