رکن اسمبلی بھائی جگتاپ اورمہاراشٹرکانگریس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سندیش کونڈولکر کا وزیراعلیٰ کو خط لکھا۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 11:28 AM IST | Agency | Borivali
رکن اسمبلی بھائی جگتاپ اورمہاراشٹرکانگریس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سندیش کونڈولکر کا وزیراعلیٰ کو خط لکھا۔
’’بوریولی کے۴۹۰؍ بستروں پر مشتمل بھگوتی اسپتال کو نجی ادارے کے حوالے کرنے کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )کی جانب سے پی پی پی (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ) ماڈل کے تحت جاری کردہ ٹینڈر فوری منسوخ کیا جائے اور اسپتال کا انتظام و انصرام میونسپل کارپوریشن خود سنبھالے۔‘‘ یہ مطالبہ ممبئی کانگریس کے سابق صدر اور رکن اسمبلی بھائی جگتاپ اور مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سندیش کونڈولکر نے وزیر اعلیٰ اور میونسپل کمشنر کو خط لکھ کر کیا ہے۔
کانگریس لیڈروں نے بتایا کہ۲۶؍ اکتوبر ۲۰۲۶ءکو اسپتال کو پی پی پی ماڈل کے تحت چلانے کیلئے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے جس کی آخری تاریخ۱۶؍ نومبر ہے۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ کی دفعہ۶۱؍ کے تحت شہریوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنا کارپوریشن کی قانونی ذمہ داری ہے اس لئے یہ ذمہ داری نجی ادارے کو سونپنے کی ضرورت پر سوال اٹھتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس نے۲۰۲۵ء میں بھی اسپتال کی نجکاری کی مخالفت کی تھی۔ اس سلسلے میں۲۴؍ مارچ کو پری بڈ میٹنگ میں کانگریس عہدیداروں نے اعتراضات اٹھائے جبکہ۲۶؍ مارچ کو اس وقت کے قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے، بھائی جگتاپ اور سنیل پربھو نے یہ معاملہ قانون ساز کونسل میں اٹھایا تھا۔ ہزاروں شہریوں نے بھی ای میل کے ذریعے مخالفت درج کرائی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: بی جی پی اسپتال۱۰؍سال کیلئے نجی ایجنسی کے حوالے کرنے کی تیاری
۸؍ اپریل کو امباداس دانوے کی قیادت میں وفد نے میونسپل کمشنر سے ملاقات کی جس کے بعد۶؍ اگست۲۰۲۵ء کو بھائی جگتاپ کی قیادت میں وفد کے ساتھ میٹنگ میں اس وقت کے میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے پی پی پی کی تجویز منسوخ کرنے، عملہ اور وسائل فراہم کرنے کی تیاری شروع کرنے اور ۴؍ ماہ میں اسپتال شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس فیصلے کا اندراج میونسپل کارپوریشن کی میٹنگ کی کارروائی میں بھی موجود ہے۔ کانگریس نے سوال کیا ہے کہ جب نجکاری کی تجویز پہلے ہی منسوخ کی جا چکی تھی تو موجودہ شہری انتظامیہ نے دوبارہ ٹینڈر کیوں جاری کیا؟ یہ فیصلہ کس کے دباؤ میں کیا گیا اور اسپتال کسی نجی یا مذہبی ادارے کے حوالے کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے؟
ٹینڈر کی شرائط پر اعتراض کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہا کہ اس کے تحت صرف میونسپل کارپوریشن کے ملازمین، ریٹائرڈ ملازمین، ان کے اہل خانہ، میونسپل کارپوریٹرس اور پیلے و زعفرانی راشن کارڈ والے صارفین کو ہی رعایتی علاج کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں سالانہ ایک لاکھ روپے سے زیادہ آمدنی رکھنے والے لاکھوں غریب اور متوسط طبقے کے خاندان رعایتی طبی سہولتوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب میونسپل کارپوریشن کو سالانہ صرف ساڑھے ۶؍ کروڑ روپے کرایہ ملے گا جبکہ اہل مریضوں کے علاج کیلئے نجی ادارے کو اندازاً۶۰؍ کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ کانگریس نے اسے عوامی املاک نجی ادارے کے حوالے کرکے میونسپل کارپوریشن پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کا معاملہ قرار دیا ہے۔