شہر کے تین بتی مارکیٹ علاقے کے مچھلی چوک میں سڑک کنارے کھڑی کار کو نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر آگ لگا دی، جس سے گاڑی کے کئی اہم حصے جل کر تباہ ہوگئے۔
پولیس اہلکار تفتیش کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
شہر کے تین بتی مارکیٹ علاقے کے مچھلی چوک میں سڑک کنارے کھڑی کار کو نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر آگ لگا دی، جس سے گاڑی کے کئی اہم حصے جل کر تباہ ہوگئے۔ اس واردات میں کار مالک کو تقریباً ۳؍لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔پولیس میں درج شکایت کے مطابق نوشاد محمد عالم انصاری نے ۱۲؍نومبر کی رات تقریباً ۱۰؍ بجے اپنی ماروتی سوزوکی کار مچھلی چوک کے سامنے پارک کی تھی۔ جمعہ کی عالی الصباح تقریباً پونے ۵؍ بجے انہیں کار میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔
فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا لیکن تب تک کار کی سیٹیں، وائرنگ، میٹر، انڈیکیٹر، انجن، سائلنسر اور سی این جی کٹ سمیت کئی اہم حصے جل چکے تھے۔واقعے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں سر پر سفید کپڑا باندھے، نیلی ٹی شرٹ اور لال پینٹ پہنے ایک مشتبہ شخص نظر آیا ہے۔ گاڑی کے مالک نے اسی شخص پر آگ لگانے کا الزام عائد کیا ہے۔ بھیونڈی شہر پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس سب انسپکٹر سریش یادو راؤ ڈھولے معاملے کی جانچ کررہے ہیں۔