Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بھیونڈی:’میرا اسکول، سندر اسکول‘ یوجنا کے تحت۱۱؍ لاکھ روپے کی انعامی رقم ۳؍ ماہ بعد بھی نہیں ملی

Updated: February 15, 2025, 11:28 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

سابق ریاستی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ضلع پریشد اسکولوں کیلئے ’میرا اسکول، سندر اسکول‘ یوجنا شروع کی تھی جس کے تحت ریاستی حکومت نے ان اسکولوں کو خصوصی اعزاز کے طور پر مالی امداد دینے کی تجویز پیش کی تھی جو بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

Zilla Parishad School Kalwar has been awarded under the scheme of State Govt. Photo: INN
ضلع پریشد اسکول کالوار کو ریاستی حکومت کی اسکیم کے تحت انعام سے نوازاگیا ہے۔ تصویر: آئی این این

سابق ریاستی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ضلع پریشد اسکولوں کیلئے ’میرا اسکول، سندر اسکول‘ یوجنا شروع کی تھی جس کے تحت ریاستی حکومت نے ان اسکولوں کو خصوصی اعزاز کے طور پر مالی امداد دینے کی تجویز پیش کی تھی جو بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
  بھیونڈی تعلقہ کے ضلع پریشد اسکول کالوار نے اس یوجنا کے تحت منعقدہ مقابلے میں پورے کوکن ریجن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔۱۴؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اسکول کو۱۱؍ لاکھ روپے کا چیک بطور انعام پیش کیا تھا لیکن تین ماہ گزرنے کے باوجود اسکول کو یہ رقم نہیں ملی ہے جس کی وجہ سے   انتظامیہ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
 اس کے پیش نظر کالوار گاؤں کے سرپنچ مہیش مہاترے نے پونے کے پرائمری ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے مالیاتی افسر کو ایک خط لکھ کر جلد از جلد انعامی رقم جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سے فنڈز جاری نہ ہونے کے سبب اسکول کو انعامی رقم نہیں مل سکی ہے۔تھانے ضلع پریشد کے پرائمری ایجوکیشن آفیسر بالاصاحب رکشے نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے گرام پنچایت سے تجویز موصول ہوئی ہے لیکن حکومت سے فنڈز دستیاب نہ ہونے کے سبب یہ رقم اب تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکومت کی جانب سے دوسرے مرحلے کے فنڈز موصول ہوں گے تب ضلع پریشد اسکولوں کیلئے رقم مختص کی جائے گی۔
 اس تاخیر سے اسکول انتظامیہ اور گاؤں والوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے کیونکہ اسکول میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس رقم کی اشد ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK