Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ایس آئی آر مہم آخری مرحلے میں

Updated: July 29, 2026, 11:37 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مغربی حلقہ میں صرف ۵۶؍اور مشرقی حلقے میں ۶۰؍فیصد فارم تقسیم ہوئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرِ ثانی (ایس آئی آر) مہم اپنے آخری اور نہایت اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، تاہم بھیونڈی کے دونوں اسمبلی حلقوں میں اب تک تمام اہل ووٹروں تک فارم نہیں پہنچ سکے ہیں۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جنہیں ایس آئی آر فارم موصول ہو چکے ہیں وہ انہیں بلا تاخیر پُر کرکے متعلقہ بی ایل او کے پاس جمع کرائیں تاکہ ووٹر لسٹ کی نظر ثانی کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سائن بریج کی ایک جانب کا کام اب بھی نامکمل

میونسپل کمشنر انمول ساگر کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ  میٹنگ میں بتایا گیا کہ بھیونڈی مغربی اسمبلی حلقہ میں ایس آئی آر فارموں کی تقسیم صرف ۵۶؍ فیصد جبکہ مشرقی اسمبلی حلقہ میں ۶۰؍ فیصد تک مکمل ہو سکی ہے۔ فارموں کی ڈیجیٹائزیشن کی رفتار بھی سست ہے، جہاں مشرقی حلقہ میں ۳۰؍فیصد اور مغربی حلقہ میں ۲۷؍ فیصد کام مکمل ہوا ہے۔ اس صورتِ حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کمشنر نے بقیہ کام جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی اور متعلقہ افسران کو ہر ۲؍ گھنٹے بعد پیش رفت کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن شہریوں نے ابھی تک فارم جمع نہیں کرائے، وہ فوری طور پر یہ عمل مکمل کریں، کیونکہ بروقت اندراج ہی درست ووٹر فہرست کی بنیاد ہے۔ ساتھ ہی ہدایت دی گئی کہ جہاں ووٹر رہائش پذیر نہ ہوں یا دستیاب نہ ہوں، وہاں فوری پنچنامہ تیار کرکے ضروری کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر کا کام انجام دینےوالے اساتذہ کومحکمہ تعلیم کی جانب سے راحت

اجلاس میں انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری پر بھی زور دیا گیا۔ انمول ساگر نے تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سیاسی دباؤ سے بالاتر ہو کر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں جبکہ انتخابی ڈیوٹی میں جان بوجھ کر غفلت یا غیرحاضری برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔شہری بیداری کو تیز کرنے کیلئے محکمۂ تعلیم اور محکمۂ صحت کو اساتذہ اور آشا کارکنان کی خدمات مکمل طور پر انتخابی مہم کیلئے دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گھنٹہ گاڑی، ڈھول کے ذریعے عوامی اعلان (دوندی) اور اخبارات کے ذریعے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہےتاکہ کوئی بھی اہل شہری ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی کے عمل سے محروم نہ رہ جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK