انہیں ۲۹؍ جولائی سے ۲؍اگست تک صرف بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے کی اجازت دی۔ مقررہ وقت میں ایس آئی آرکام مکمل کرنےکی کوشش۔
EPAPER
Updated: July 29, 2026, 11:13 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
انہیں ۲۹؍ جولائی سے ۲؍اگست تک صرف بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے کی اجازت دی۔ مقررہ وقت میں ایس آئی آرکام مکمل کرنےکی کوشش۔
میونسپل محکمہ تعلیم نے ایس آئی آر کی ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کیلئے نئی ہدایت جاری کی ہے جو بالخصوص ان اساتذہ کیلئے راحت والی ہے جو بی ایل او کی ڈیوٹی کے ساتھ اسکول میںپڑھابھی رہے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے انہیں ۲۹؍ جولائی سے ۲؍اگست تک یعنی ۵؍دنوں تک صرف بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ وہ مقررہ وقت میں اپنے حلقے کاایس آئی آرکام مکمل کرسکیںجبکہ وہ اساتذہ جنہیں بی ایل او ڈیوٹی نہیں دی گئی ہے ، انہیں بی ایل اوکی ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کے بچوں کو پڑھانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق ان دنوں مہاراشٹر سمیت ۱۶؍ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ۳؍علاقوں میں ایس آئی آر مہم جاری ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ووٹروں کی فہرستیں غلطیوں سے پاک اور درست ہوں اور ایس آئی آر کا کام مقررہ وقت میں مکمل ہوسکے، میونسپل اسکولوں کے اساتذہ کو بوتھ لیول آفیسر ( بی ایل او)کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں اساتذہ کو بطور بی ایل او مامور کیا گیا ہے ۔ انہیں تعطیلات اور تعلیمی اوقات کے بعد بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔بی ایل او اور درس و تدریسی، دونوں ڈیوٹی دیئے جانے سے سیکڑوں اساتذہ پریشان تھے۔ ان کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں ۔ اس کے علاوہ اساتذہ کے دونوں ڈیوٹی کرنے سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہونے کی شکایت بھی موصول ہو رہی تھی۔ ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے اور طلبہ کو تعلیمی نقصان سے بچانے کیلئے محکمہ تعلیم نے کچھ عارضی تبدیلیاں کی ہیں ۔
یہ بھی پڑھئے: مخالفت کے باوجوداندھیری کے سیون ہلز اسپتال کی نجکاری منظور
اس ضمن میں ۲۳؍جولائی ۲۰۲۶ءکو ایک میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں اعلیٰ افسران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد ایس آئی آر کے کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کیلئے درج ذیل ہدایات جا ری کی گئی ہیں ۔
(۱) ایس آئی آر کے کام کیلئے مقرر کئے گئے تمام اساتذہ کو منگل ۲۹؍جولائی سے سنیچر ۲؍اگست ۲۰۲۶ء تک یعنی ۵؍دنوں کیلئے اسکول سے فل ٹائم چھوڑ دیا جانا چاہئے تاکہ وہ تفویض کردہ انتخابی حلقے میں جا کر اسکول اوقات میں بھی ایس آئی آر کااپنا کام انجام دے سکیں ۔ ان پانچ دنوں وہ اسکول کا کام نہیں کریں گے ۔
(۲) مذکورہ ۵؍دنوں کی مدت کے دوران اسکول کے پرنسپل/ ٹیچر انچارج کو چاہئے کہ وہ ان ٹیچروں کے ساتھ جو بی ایل او کی ڈیوٹی پر مامور نہیں ہیں، بچوں کو پڑھانے کی ذمہ داری نبھائیں ۔ ان میں وہ بچے بھی شامل ہوںگے جن کے ٹیچر بی ایل اوکی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
بی ایم سی محکمہ تعلیم کے پرائمری ایجوکیشن کے آفیسر کرتیوردھن کرتکوڈوے اور سیکنڈری ایجوکیشن کی آفیسر سجاتا کھرے نے مذکورہ سرکیولر ۲۴؍ جولائی ۲۰۲۶ءکو جاری کیا تھا جس سے اسکول اور ایس آئی آر کی ڈیوٹی ایک ساتھ کرنےوالے اساتذہ کو عارضی راحت ملی ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: احتجاج کرنے والے طلبہ کوہرقسم کی کارروائی سے محفوظ رکھنے کا مطالبہ
دریں اثناء ڈپٹی ایجوکیشن ڈائریکٹر راجیش کنکال نے بھی ۲۸؍جولائی کو اس تعلق سے ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میں اسکول اور بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کو مذکورہ ۵؍ دنوں تک صرف ایس آئی آر کا کام کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ وہ مقررہ وقت پر اپنا کام مکمل کرسکیں ۔
مرکزی تعلیمی تنظیم کے سیکریٹری سید شریف کے مطابق ’’ محکمہ تعلیم کی جانب سے دونوں ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کو عارضی راحت ملی ہے ۔ انہیں ایس آئی آر کاکام پورا کرنے کاموقع دیا گیا ہے۔ اس سے اساتذہ کو سہولت ہوگی۔ دو ڈیوٹی سے اساتذہ کافی پریشان تھے۔ ‘‘