• Tue, 25 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ’ڈیولپمنٹ ڈی کوڈیڈ‘ ڈاکیومینٹری کی خصوصی نمائش

Updated: November 25, 2025, 12:00 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہر کی سماجی، شہری اور ترقیاتی صورتحال پر مبنی دستاویزی فلم نےشرکاء کو متاثر کیا،۲۶؍نومبر کو یو ٹیوب پر اپ لوڈ کی جائےگی

Several representatives of the city, social workers and members of important organizations watching the documentary. Photo: INN
شہر کی متعدد نمائندہ شخصیات، سماجی کارکنان اور اہم تنظیموں کے اراکین دستاویزی فلم دیکھتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
شہر کی سماجی، شہری اور ترقیاتی صورتحال پر مبنی دستاویزی فلم ’بھیونڈی: ڈیولپمنٹ ڈی کوڈیڈ‘ کا خصوصی پریمیر اتوار کی شام ہوٹل بارہ دری کے بینکوئٹ ہال میں منعقد ہوا، جس میں شہر کی متعدد نمائندہ شخصیات، سماجی کارکنان اور اہم تنظیموں کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہ خصوصی نمائش شام  ساڑھے ۶؍بجے  سے ساڑھے ۸؍ بجے تک جاری رہی، جس میں فلم کے ذریعے بھیونڈی کے سوشل و فزیکل انفرااسٹرکچر، اوپن پبلک اسپیس کی قلت، تعلیمی اداروں کی صورتحال، اسکول و کالجوں کے اعداد و شمار، تعلیمی جگہ کی کمی، فضائی آلودگی اور شہر کے خراب اے کیو آئی  جیسے اہم مسائل کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
ڈاکومنٹری میں سڑکوں کے اسٹرکچر، پیمائش اور معیار سے متعلق تفصیلات بھی شامل کی گئیںجبکہ مختلف شہریوں اور متاثرین کے تاثرات نے فلم کو مزید حقیقی اور بامعنی بنایا۔اس موقع پر سماجی سیاسی شخصیت فاضل انصاری، پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری، جماعت اسلامی کے مولانا اوصاف فلاحی، عطا الرحمن (آل انڈیا اسوسی ایٹ آف مسلم پروفیشنلز)اور دیگر سماجی و عوامی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے، جنہوں نے اس کاوش کو شہر کی ضرورت قرار دیتے ہوئے ٹیم ’سی ڈی سی‘ کی کوششوں کی بھرپور تعریف کی۔
فلم کے پروڈیوسر اسٹوڈیو ’کورس ڈسکورس (سی ڈی سی)‘ نے بتایا کہ اس ڈاکومینٹری کا بنیادی مقصد بھیونڈی کے ترقیاتی چیلنجز اور زمینی حقائق کو تحقیق و شواہد کے ساتھ عوام کے سامنے رکھنا ہے تاکہ شہری نہ صرف مسائل کو سمجھیں بلکہ تبدیلی کے عمل میں شریک بھی بنیں۔ٹیم سی ڈی سی نے اعلان کیا کہ یہ فلم ۲۶؍ نومبر کو یوٹیوب چینل coursediscourse پر عام ناظرین کے لئے ریلیز کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ شہر کی صورتحال اور ترقیاتی امکانات سے واقف ہو سکیں۔نمائش کے اختتام پر منتظمین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے میڈیا، شہری تنظیموں اور باشعور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK