• Tue, 25 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’مہاریرا‘ کے نئے ضوابط ، فلیٹ خریداروں کو راحت ملے گی

Updated: November 25, 2025, 11:13 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

’صارف کو وقت پر مکان حوالے نہ کرنے یا ناقص کام پر معاوضہ کی ادائیگی کرنی ہوگی ۔۳؍ماہ کی جیل بھی ہو سکتی ہے ۔بلڈر معاوضہ ادا نہیں کرتا ہے توصارف مہاریرا سے رجوع ہوسکتا ہے

Mahareera headquarters at Bandra Kurla Complex (BKC). Photo: INN
باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی ) میں مہاریرا کا ہیڈکوارٹرز۔ تصویر:آئی این این
ندیم عصران
nadeem@mid-day.com
ممبئی : ’مہاراشٹر رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی (مہاریرا)‘ میں رجسٹریشن کے باوجود بلڈرس اور ڈیولپرس کی وعدہ خلاف اورقواعد کو نظر انداز کرنے کے سبب فلیٹ خریدنے والے صارفین کو نہ صرف فلیٹ حاصل کرنےبلکہ ناقص تعمیرات یا  دیگر خامی و خرابیوں کے سبب   مشکلات اوردقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اب ’مہاریرا ‘ کےنئے ترتیب کردہ سخت ضوابط سے نہ صرف صارفین کو راحت ملے گی بلکہ بلڈروں کو تاخیر سے فلیٹ دینے یا کسی بھی قسم کی خامی یا خرابی کی شکایت پر نہ صرف بطور جرمانہ معاوضہ ادا کرنا پڑے گا بلکہ جرم ثابت ہونے پر ۳؍ ماہ جیل کی بھی ہوسکتی ہے ۔
’مہاریرا‘ کےتحت تعمیر ہونے والے پروجیکٹوں میں فلیٹ خریدنے والے صارفین کی طے شدہ وقت میں فلیٹ نہ ملنے کی عام شکایتوں کے علاوہ پارکنگ کا مسئلہ یا دیگر تعمیرات  اور نقائص کی    شکایتوں کے بعد اس پر قدغن لگانے کیلئے نئے قواعد و ضوابط   متعارف کراتے ہوئے ایک سرکیولر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بلڈرس اور ڈیولپرس کو بھی طے شدہ وقت میں صارف کو فلیٹ نہ دینے پر ہی نہیں بلکہ پارکنگ یا ناقص تعمیرات   پر بھی بطور جرمانہ معاوضہ ادا کرناپڑے گا اور جیل جانابھی  پڑسکتا ہے ۔ 
’ مہاریرا‘ کے سرکولر کے مطابق جن صارفین کو بلڈرس اور ڈیولپرس طے شدہ وقت پر فلیٹ ان کے حوالہ نہیں کرتے ہیں ، صارفین اس کی شکایت مہاریرا کے نامزد آفیسر سے کر سکتے ہیں ۔  اسی طرح پارکنگ نہ دینے ، ناقص تعمیرات   یا دیگر سہولیات مہیا نہ کرنے پر بھی شکایت کی جاسکتی ہے ۔مہاریرا ان موصولہ شکایتوں کی بنیاد پر نہ صرف بلڈر اینڈ ڈیولپرس پر بطور جرمانہ معاوضہ طے کرے گا اورادا کرنے کے احکامات جاری کرے گا بلکہ اس ضمن میںشنوائی کے بعد ۳؍ ماہ تک جیل کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے ۔ 
اتھاریٹی کے بقول مذکورہ بالا سخت ضوابط اس لئے بنائے گئے ہیں کیونکہ اس سے قبل صارفین کی طرف سے ملنے والی شکایتوں کو حل کرنے کیلئے مہاریرا نے کئی احکامات جاری کئے تھے لیکن اس پر بلڈر اینڈ ڈیولپرس سنجیدگی سے عمل نہیں کر رہے تھے۔اس ضمن میں اکتوبر میں بامبے ہائی کورٹ نے صارفین کو معاوضہ ملنے میں بھی ہونے والی پریشانیوں کے سدباب کے لئے ’مہاریرا  ‘ کو ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ اتھاریٹی نے بامبے ہائی کورٹ کے حکم اور صارفین کی پریشانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تاخیر سے فلیٹ حوالے کرنے  اور دیگر شکایتوں پر بلڈرس اور ڈیولپرس پر شکایتوں کی سنجیدگی کی بنیاد پر معاوضہ طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے  ساتھ ہی بطور جرمانہ عائد کئے جانے والے معاوضہ کو دو مہینے میں ادا کرنے کی بھی شرط رکھی ہے ۔
مہاریرا کے نئے قواعد وضوابط کے مطابق جن صارفین کو طے شدہ وقت میں فلیٹ نہیں ملتا ہے یا بلڈرس اور ڈیولپرس کے خلاف کوئی اور شکایت ہوگی ، وہ فوری طو ر پر مہاریرا کے افسران کے روبرو شکایت کرسکتا ہے جس کے بعد دو ماہ میں بلڈر کو  ۲؍ ماہ میں جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ اگر وقت پرادائیگی نہ کی گئی تو صارف کوبلڈرس اور ڈیولپرس سے سود سمیت معاوضہ اور دیگر واجبات وصول کرنے اور شکایت کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس کے باوجود بھی بلڈر تاخیر کرتا ہے تو اس کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں ،بینک اکاؤنٹس اور سرمایہ کو عیاں کرنے کے لئے حلف نامہ داخل کرنے کا بھی حکم دیا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں ڈیولپرس کے اثاثوں اور بینک کھاتوں کو منجمد کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ کلکٹر سے بھی ریکوری وارنٹ جاری کرایا جاسکتا ہے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK