بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نےپارٹی کے شہری صدر کو نارائن چودھری کا نام تجویز کیا، سابق مرکزی وزیر کپل پاٹل کے بھتیجے اور میئر عہدے کے خواہشمند بی جے پی کارپوریٹر سمیت پاٹل نے اپنے نام کی سرکاری منظوری کا دعویٰ کیا۔
EPAPER
Updated: February 08, 2026, 12:29 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نےپارٹی کے شہری صدر کو نارائن چودھری کا نام تجویز کیا، سابق مرکزی وزیر کپل پاٹل کے بھتیجے اور میئر عہدے کے خواہشمند بی جے پی کارپوریٹر سمیت پاٹل نے اپنے نام کی سرکاری منظوری کا دعویٰ کیا۔
یہاں میئر عہدے کے تعلق سےبی جےپی میں اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے ایک تحریری خط کے ذریعے پارٹی کے شہر صدر روی ساونت کو میئر عہدے کیلئے نارائن چودھری کے نام سے آگاہ کیا، جس کے بعد روی ساونت نے باقاعدہ طور پر نارائن چودھری کے نام کا اعلان کر دیا۔ اعلان کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات اور خیر مقدمی بینرز کی بھرمار ہو گئی۔ تاہم اسی دوران سابق مرکزی وزیر کپل پاٹل کے بھتیجے اور میئر عہدے کے خواہاں بی جے پی کارپوریٹر سمیت پاٹل کے حامیوں نے، ان کے نام کی سرکاری منظوری کا دعویٰ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بینرز وائرل کر دئیے۔ اس صورتحال نے میئر انتخاب سے قبل ہی بی جے پی کے اندر دو واضح دھڑوں کی تصویر پیش کر دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمیت پاٹل نے نارائن چودھری کے نام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے۲۲؍ منتخب کارپوریٹروں میں سے۱۵؍ ان کے ساتھ دیودرشن کے لیے شہر سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق نارائن چودھری انتخاب سے عین قبل بی جے پی میں شامل ہوئے اور وہ پارٹی کے باقاعدہ رکن بھی نہیں ہیں، پھر ایسی صورت میں ان کے نام کی سرکاری منظوری کیسے دی جا سکتی ہے؟
سمیت پاٹل نے مزید کہا کہ ریاستی صدر کے مبینہ خط پر کوئی انورڈ نمبر درج نہیں جس سے اس کی صداقت پر شبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے میں ریاست کے اعلیٰ ترین قائد اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کر کے انصاف کا مطالبہ کریں گے۔ دوسری جانب نارائن چودھری نے اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے باضابطہ طور پر انہیں میئر عہدے کے لیے نامزد کیا ہے اور اس سلسلے میں ریاستی صدر کا تحریری خط بھی موجود ہے، اس لیے ان کے نام کی سرکاری اعلان ہو چکا ہے اور کسی کے اعتراضات سے اس حقیقت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
یہ بھی پڑھئے: آئندہ تعلیمی سال سے قبل بی ایم سی کو ۶؍اسکولی عمارتیں ملنےکی اُمید
بی جے پی شہر صدر روی ساونت نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میئر عہدے کے لیے نارائن چودھری اور سمیت پاٹل دونوں ہی امیدوار تھے۔ شہر کے عہدیداروں نے اس بارے میں فیصلہ کرنے کی درخواست صوبائی دفتر کو بھیجی تھی جس کے جواب میں صوبائی دفتر سے نارائن چودھری کے نام کی منظوری کا تحریری خط موصول ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر قائدین جو بھی فیصلہ کریں گے، وہ سب کو منظور ہوگا۔
عددی اکثریت کا سوال برقرار
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے۲۲؍، شیو سینا (شندے گروپ) کے۱۲؍ اور ایک آزاد کارپوریٹر سمیت کل تعداد۳۵؍ بنتی ہے، جبکہ اکثریت کیلئے۴۶؍ اراکین درکار ہیں۔ اس طرح حکمراں اتحاد کو ابھی۱۱؍ ارکان کی کمی کا سامنا ہے۔ اس بارے میں روی ساونت نے کہا کہ تمام کارپوریٹر شہر کی ترقی چاہتے ہیں اور شہر کی حقیقی ترقی صرف بی جے پی ہی کر سکتی ہے، اسی لیے دیگر پارٹیوں کے کئی کارپوریٹرز ترقی کے نام پر بی جے پی کے ساتھ آنے کے لیے تیار ہیں۔