• Sun, 08 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اضافی عملہ کو ایڈجسٹ کرنے کی ہدایت سے دشواری

Updated: February 08, 2026, 12:28 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

بورڈ امتحانات کے متاثرہونےکاامکان، تعلیمی تنظیموں کا اساتذہ کو ایڈجسٹ کرنے کافرمان فوری طورپر ملتوی کرنےکامطالبہ۔

SSC students busy preparing before entering the exam hall. Photo: INN
ایس ایس سی کے طلبہ امتحان ہال میں داخلے سے قبل تیاری میں  مصروف۔ تصویر: آئی این این

جہاں ایک طرف ریاست میں ۱۰؍ویں اور ۱۲؍ویں جماعت کے زبانی اور پریکٹیکل امتحانات جاری ہیں، وہیں دوسری طرف تحریری امتحانات اگلے ہفتے سے شروع ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب ڈائریکٹر ایجوکیشن نے ریاست میں اضافی اسکولی عملے کو ایڈجسٹ کرنے سے متعلق احکامات جاری کئے ہیں۔ اس کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہےجس کی وجہ سے بورڈامتحانات کے متاثرہونےکا امکان ہے۔ ایسےمیں تعلیمی تنظیموں نے اساتذہ کو ایڈجسٹ کرنے کےبارےمیں جاری کئے گئے احکامات کو فوری طورپر ملتوی کرنےکامطالبہ کیاہے تاکہ بورڈامتحانات میں کسی طرح کی بدنظمی نہ ہو۔ 
واضح رہےکہ ریاستی محکمہ تعلیم نے مقامی خود مختار اداروں کے تحت جاری اسکولوں کے ساتھ نجی امدادی اور جزوی امدادی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اضافی تدریسی اور غیر تدریسی عملہ کے ایڈجسٹمنٹ کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن شرد گوساوی اور ڈائریکٹر سیکنڈری و ہائر سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹر مہیش پالکر نے باقاعدہ سرکیولر کے ذریعے ہدایات جاری کی ہیں۔ اضافی عملے کی ۱۳؍فروری کو عارضی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ ۳۱؍ مارچ تک ایڈجسٹمنٹ کا پورا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 
بورڈ امتحانات کے عنقریب ہونےپرمذکورہ ہدایت کے اعلان سے یہ توقع کی جارہی ہے کہ چونکہ اساتذہ کو ضلعی اور محکمہ کی سطح پر سماعتوں، فہرستوں اور جسمانی طورپر حاضر ہونا ہوگا، اس کا براہ راست اثر امتحانات کے کام کاج پر پڑنے کا امکان ہے۔ اس لئےتعلیمی تنظیمیں ایڈجسٹمنٹ کے عمل کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: رانی باغ کے فلاور فیسٹیول چلئے، تازگی کا بھرپور لطف لیجئے!

ایک طرف ریاست میں دسویں اور بارہویں کے زبانی اور پریکٹیکل امتحانات جاری ہیں، وہیں تحریری امتحانات اگلے ہفتے سے شروع ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب ڈائریکٹر ایجوکیشن نے ریاست میں اضافی اساتذہ کیلئے ایڈجسٹمنٹ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ سرپلس اساتذہ کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے ضلعی سطح پر ۳؍مارچ اور ڈویژن کی سطح پر ۲۵؍مارچ کو کیمپ لگانے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ چونکہ اس عمل کیلئے مرحلہ وار حاضری کی ضرورت ہوتی ہے، جیسے کہ ابتدائی فہرستیں، اعتراضات، سماعت اور حتمی فہرست کا اعلان، اس لئے اساتذہ کو متعلقہ دفتر میں کئی مرتبہ حاضر ہوناہو گا۔ اس کی وجہ سے اساتذہ کی یونینوں نے کہا ہے کہ اس سے بورڈ امتحانات متاثر ہو سکتے ہیں۔ 
مراٹھی ٹیچرس اسوسی ایشن کے صدر انیل بورنارے کےمطابق’’حکومت کا مذکورہ فیصلہ اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہے، اس کی وجہ سے سیکڑوں اسکول بندہوجائیں گے۔ ہزاروں اساتذہ بر طرف ہو جائیں گے، اس لئے حکومت کو فوری طور پر اس فیصلے میں ترمیم کرنا چاہئے اور ہر مضمون کیلئے علاحدہ ٹیچر فراہم کرنا چاہئے۔ سرپلس اسکولی عملے کو ایڈجسٹ کرنےکا جو شیڈول جاری کیاگیاہے اسے بھی ملتوی کرناچاہئے تاکہ بورڈامتحانات آسانی سے جاری رہیں۔ 
مہاراشٹر پروگریسیو ٹیچرس اسوسی ایشن کے صدر تانا جی کامبلے نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کیلئے ایڈجسٹمنٹ کا عمل فروری-مارچ کے اہم تعلیمی دور میں نہیں کیا جانا چاہئے جس میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات شامل ہیں، اس کے بعد اسکولوں میں سالانہ امتحانات، جوابی شیٹ کی جانچ، مارک شیٹس اور رزلٹ تیارکئے جاتےہیں ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK